نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک کے پانچویں صدر مرحوم فخر الدین علی احمد کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر کے سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے 'صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج (13 مئی 2023) کو راشٹرپتی بھون میں سابق صدر ہند فخر الدین علی احمد کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔' مرمو نے راشٹرپتی بھون میں سابق صدر احمد کی تصویر پر پھول چڑھائے۔
سابق صدر جمہوریہ فخرالدین علی احمد 13 مئی 1905 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد، کرنل ذی النور علی، نواب آف لوہاری، دہلی، اور ان کی والدہ کی اولاد تھے۔ ان کی ابتدائی تعلیم گوڈا اور دہلی کے سرکاری اسکولوں میں ہوئی۔ وہ 1923 میں انگلینڈ گئے اور سینٹ کیتھرین کالج، کیمبرج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 1928 میں لاہور ہائی کورٹ میں پریکٹس شروع کی۔
احمد 1931 میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ اسی عرصے میں انہوں نے مسلمانوں کے لیے مخصوص نشست سے الیکشن جیتا تھا۔ وہ 1952 میں آسام سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 1957 سے 1967 تک آسام میں ریاستی اسمبلی کے رکن رہے۔ 1971 میں مرکزی سیاست میں دوبارہ داخل ہونے کے بعد، انہوں نے کئی وزارتیں سنبھالیں اور 1974 میں صدارتی امیدوار بننے سے پہلے وزیر خوراک اور وزیر زراعت کے طور پر خدمات انجام دیں۔اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تجویز پر انہوں نے اپنے آئینی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے 1975 میں ملک میں داخلی ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ احمد کا 11 فروری 1977 کو دل کا دورہ پڑنے سے دفتر میں انتقال ہوا۔
یو این آئی