بریلی میں اعلیٰ حضرت کے تین روزہ عرس رضوی کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ درگاہ سے وابستہ تنظیموں اور کمیٹیوں نے پروگرام کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ عرس رضوی اس بار بھی شہر کے فضل الرحمٰن انٹر کالج کے میدان میں محدود لوگوں کی موجودگی میں منایا جائے گا۔ عازمین بھی درگاہ پر حاضری دے سکیں گے، لیکن عرس کے اختتام سے پہلے یا بعد میں درگاہ سے اپیل جاری کی گئی ہے کہ عرس کے دوران زائرین کا ہجوم ایف آر اسلامیہ انٹر کالج کے میدانوں میں جمع نہ ہو اور لوگ اپنے گھروں اور مساجد میں عرس رضوی منائیں۔
عرس کے تیسرے دن یعنی 4 اکتوبر کو صبح بعد نمازِ فجر قرآن خوانی کےساتھ عرس گاہ پر پروگرام شروع ہو جائیں گے۔ دن میں 2 بجکر 38 منٹ پر اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کے 103 ویں سالانہ قل کی رسم ادا کی جائےگی اور سجادہ نشین کی دعا کے بعد تین روزہ عرس اختتام پزیر ہو جائےگا۔
بریلی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کل ایک سو لوگوں کے عرس میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت اتر پردیش نے اوپن گراؤنڈ میں لوگوں کی محدود تعداد کی پابندی کو ختم کر دیا ہے۔ لہذا، اس عرس میں ایک سو زائرین کی تعداد میں اضافہ ہونا متوقع ہے۔
گزشتہ برس کی طرز پر اس سال بھی عرس رضوی کووڈ گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے سادگی سے منایا جائےگا۔ بریلی میونسپل کارپوریشن کے سٹی کمشنر ابھیشیک آنند نے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ درگاہ، عرس کے مقام پر صفائی سمیت دیگر انتظامات مکمل اور درست کریں۔ میونسپل کمشنر کے مطابق سینی ٹائیزیشن، عارضی بیت الخلاء، صفائی ستھرائی، پینے کا پانی، اسٹریٹ لائٹنگ، سڑکوں پر پیچ ورک، سیوریج اور نالی کے خراب ڈرین ڈپو کو بدلنے وغیرہ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اعلیٰ حضرت درگاہ کی طرف جانے والی سڑک کی بھی مرمت کی جائے گی۔ زائرین کے لیئے وضوع خانہ کا بھی انتظام ہوگا۔ ٹیم نے میدان کے گڑّھوں میں مٹی بھرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔