میسور: کرناٹک کے میسور میں وزیراعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی کی کار کے حادثے کی خبر موصول ہوئی۔ یہ حادثہ میسور تعلقہ کے کڈاکولا کے قریب اس وقت پیش آیا جب پرہلاد مودی اپنی کار میں بنگلور سے باندی پور جا رہے تھے۔ مرسڈیز بینز کار میں پرہلاد مودی کا بیٹا، بہو اور پوتا بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس حادثے میں پرہلاد مودی، ان کی بہو اور پوتے کو شدید چوٹیں آئی ہیں جب کہ بیٹے اور ڈرائیور ستیانارائن کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی میسور کی ایس پی سیما لٹکر نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور زخمیوں کو فوری طور پر میسور کے جے ایس ایس ہسپتال میں داخل کرایا۔ انہوں نے اس بارے میں وزیراعلیٰ کے دفتر کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ Narendra Modi's brother's car Accident
واضھ رہے کہ پرہلاد مودی گجرات فیئر پرائس شاپس اینڈ کیروسین لائسنس ہولڈر ایسوسی ایشن کے سربراہ ہیں۔ پرہلاد مودی، جو حال ہی میں مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں ایک سماجی پروگرام میں حصہ لینے آئے تھے، نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا تھا کہ گجرات میں مفت والے لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ گجرات کے لوگوں نے ان لوگوں کو بتا دیا ہے کہ گجرات دینے والا ہے لینے والا نہیں۔ اس لیے گجرات اسمبلی الیکشن میں جو نتائج آئے ہیں وہ آپ اور میں دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ سال 2024 میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں رہے گی اور نریندر بھائی ہمارے سربراہ رہیں گے۔ جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں گجرات کے ماڈل کی پیروی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ یہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدیدار ہی بتا سکیں گے، ہم عام لوگ ہیں۔ میرا خیال ہے کہ گجرات کے لوگ گجرات میں اقتدار کے بارے میں سوچ کر ووٹ دیتے ہیں۔ گجرات کے مسائل الگ ہیں اور مدھیہ پردیش کے مسائل الگ ہیں۔ آپ لوگ یا میڈیا جان سکتے ہیں کہ مدھیہ پردیش میں ووٹنگ کس سوچ کے ساتھ کی جاتی ہے۔