آج سے ملک کی پہلی ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین کا آغاز ہوگا، وزیر اعظم نریندر مودی اس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں ملک کی پہلی ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین میجنٹا لائن پر آج سے چلنے جارہی ہے۔ اس کے لیے وزارت سے منظوری موصول ہوئی ہے اور پیر کی صبح 11 بجے وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پہلی ڈرائیور لیس میٹرو کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
ابھی اس ڈارئیور لیس کا آغاز 37 کلومیٹر لمبی میجنٹا لائن پر کیا جا رہا ہے جو بعد میں آہستہ آہستہ میٹرو کے تینوں فیز کی سبھی لائنز پر چلنے لگے گی۔ میجنٹا لائن کے بعد اسے 57 کلومیٹر لمبی پنک لائن پر لانچ کیا جائے گا۔
ڈی ایم آر سی کے مطابق دہلی میٹرو کی پنک اور میجنٹا لائن میں تعمیر کے وقت سے ہی ڈرائیور لیس میٹرو کے کام کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اس میں سی بی ٹی سی (مواصلات پر مبنی ٹرین کنٹرول) سگنلنگ سسٹم ہے لیکن اب تک ان دونوں لائنوں پر میٹرو کو ڈارئیور چلا رہے ہیں کیوںکہ ڈرائیور کے بغیر چلانے کا کوئی قاعدہ نہیں تھا۔
ڈی ایم آر سی نے اب تیسرے مرحلے کی لائن پر ڈرائیور لیس میٹرو چلانے کے لیے وزارت سے منظوری لے لی ہے لہذا سب سے پہلے یہ خدمت جنکپوری ویسٹ سے بوٹینیکل گارڈن کے مابین چلنے والی میجنٹا لائن میٹرو پر شروع کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کی صبح اس لائن کی پہلی ڈرائیور لیس میٹرو کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
معلومات کے مطابق دہلی میٹرو کے تیسرے مرحلے میں تعمیر کی گئی میجنٹا اور پنک لائن میٹرو میں سی بی ٹی سی نظام موجود ہے۔ یہ سسٹم وائی فائی کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ میٹرو کو سگنل دیتا ہے جس سے وہ چلتی ہے، میٹرو ٹرین میں لگے رسیور سگنل ملنے پر میٹرو کو آگے بڑھاتے ہیں۔
یہ نظام بہت سارے غیر ملکی میٹرو میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ سسٹم اتنا محفوظ ہے کہ اگر کبھی ایک ہی ٹریک پر دو میٹرو آمنے سامنے آجائیں تو یہ خود بخود ایک خاص فاصلے پر رک جائے گی۔ ڈی ایم آر سی ذرائع کے مطابق اس ڈرائیور لیس میٹرو میں کچھ وقت کے لیے ڈرائیور کو مامور کیا جائے گا لیکن بعد میں انہیں ہٹا دیا جائے گا۔
ڈی ایم آر سی ذرائع کے مطابق یہ ڈرائیور لیس میٹرو مسافروں کو پہلے کے مقابلے میں سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرے گی۔ عام طور پر آپ میٹرو سفر کے دوران جس طرح کے جھٹکے کا تجربہ کرتے ہیں وہ اس نئے تکنیک والے ڈرائیور لیس میٹرو کے سفر میں نہیں ہوگا۔ میٹرو میں سوار اور اترنے کے دوران مسافروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔ اس خدمت کے شروع ہونے سے انسانی غلطی کا امکان بھی ختم ہوجائے گا۔ اس وقت 25 سے 30 ڈرائیور لیس میٹرو ڈی ایم آر سی میجنٹا لائن پر چلنے جارہی ہے۔ یہ لائن جنکپوری ویسٹ سے نوئیڈا کے بوٹینیکل گارڈن تک چلتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ میٹرو کے چوتھے مرحلے کی تمام لائنوں میں ڈرائیور لیس میٹرو چلانے کی سہولت بھی ہوگی۔