نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح ساڑھے دس بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 108ویں انڈین سائنس کانگریس (آئی ایس سی) سے خطاب کریں گے۔ آئی ایس سی کا 108 واں سالانہ اجلاس راشٹرسنت توکادوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی میں منعقد ہوگا، جو رواں سال اپنی صد سالہ بھی منا رہی ہے۔PM to address 108th Indian Science Congress
رواں سال کے آئی ایس سی کا مرکزی موضوع 'خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی' ہے۔ اس کانگریس میں پائیدار ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور اس مقصد کو حاصل کرنے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے رول پر بات چیت کی جائے گی۔ شرکاء تدریس، تحقیق اور صنعت کے اعلیٰ شعبوں میں خواتین کی تعداد بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو ایس ٹی ای ایم-اسٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی) کی تعلیم، تحقیق کے مواقع تک مساوی رسائی فراہم کرانے اور اقتصادی شراکت داری کے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کی شراکت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جس میں معروف خاتون سائنسدانوں کے لیکچرز بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں:۔ بنگلورو:107 ویں انڈین سائنس کانگریس سے وزیر اعظم کا خطاب
آئی ایس سی کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ بچوں میں سائنسی دلچسپی اور مزاج کو تحریک دینے میں مدد کے لیے چلڈرن سائنس کانگریس بھی منعقد کی جائے گی۔ کسانوں کی سائنس کانگریس، بائیو اکانومی کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو زراعت کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ قبائلی سائنس کانگریس بھی منعقد کی جائے گی، جو قبائلی خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی قدیم علمی نظام اور عمل کی سائنسی نمائش کے لئے ایک پلیٹ فارم بھی ہوگا۔ اس کانگریس کا پہلا اجلاس 1914 میں منعقد کیا گیا تھا۔ آئی ایس سی کا 108 واں سالانہ اجلاس راشٹرسنت توکادوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا، جو کہ اس سال اپنی صد سالہ تقریب بھی منا رہی ہے۔