وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ایودھیا شہر ثقافتی طورپر ہر ہندوستانی کے دل میں بسا ہے اور اس لئے اس کی ترقی کا کام صحت مند عوامی شراکت داری سے اس طرح کیا جانا چاہئے کہ اس کی ثقافتی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہوسکے۔
مودی نے سنیچر کو یہاں ایودھیا کی ترقی کے منصوبہ کا ویڈیو کانفرنس سے جائزہ لیا۔اترپردیش کے حکام نے اس موقع پر ایودھیا کی ترقی سے منسلک منصوبوں پر ایک پریزنٹیشن پیش کیا۔ ایودھیا کا ڈیولپمنٹ ایک روحانی مرکز، عالمی سیاحت کا مرکز اور ایک پائیدار اسمارٹ سٹی کے طورپر کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:Digvijay on Article 370: مرکز نے مشورہ کیے بغیر آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ بھگوان رام میں لوگوں کو ایک ساتھ لانے کی صلاحیت تھی اسی کو مدنظر رکھ کر ایودھیا کی ترقی کا کام صحت مند شراکت داری پر مبنی ہونا چاہئے اور نوجوانوں کو اس میں خاص طورپر حصہ لینا چاہئے۔ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور کئی دیگر اہم حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم کو ایودھیا کے ساتھ کنیکٹویٹی بڑھانے کے لئے متعدد مجوزہ اور آئندہ بنیادی ڈھانچہ کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا جس میں ہوائی اڈہ، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، سڑکیں اور شاہراہوں کی توسیع شامل ہے۔
یو این آئی