دوسہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سب سے طویل دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے (دہلی-لالسوٹ) کا آج یہاں افتتاح کیا اس کے لئے راجستھان کے ضلع دوسہ کے دھنواڑ میں منعقدہ ایک پروگرام میں مسٹر مودی نے اس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس ایکسپریس وے کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے انہیں بہت فخرمحسوس ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے ملک کے سب سے بڑے اور جدید ایکسپریس وے میں سے ایک ہے۔ انہوں نے دوسہ اور اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جب ایسی جدید سڑکیں، جدید ریلوے اسٹیشن، ریلوے ٹریک، میٹرو، ہوائی اڈے بنتے ہیں تو ملک کی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ مرکزی حکومت گزشتہ نوبرسوں سے بنیادی ڈھانچے میں بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ راجستھان میں شاہراہوں کے لیے گزشتہ برسوں میں 50 ہزار کروڑ سے زیادہ دیے گئے ہیں۔ اس بجٹ میں بھی بنیادی ڈھانچے کے لیے دس لاکھ کروڑ کا انتظام کیا گیا ہے اور اس سرمایہ کاری سے راجستھان کو بہت زیادہ فائدہ ملنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت ہائی ویز، ریلوے اور ہوائی اڈوں میں سرمایہ کاری کرتی ہے اور غریبوں کے لیے کروڑوں گھر تعمیر کرتی ہے، انفراسٹرکچر میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری کی جاتی ہے، اتنا ہی زیادہ روزگار پیدا ہوتا ہے اور اس ایکسپریس وے کی تعمیر سے بھی بہت سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Jaffna Cultural Center is an important initiative جافنا ثقافتی مرکز ہندوستان، سری لنکا کے درمیان قریبی ثقافتی تعاون کی علامت ہے، مودی
انہوں نے کہا کہ اس ایکسپریس وے کے ذریعے اب دہلی سے لالسوٹ صرف ڈھائی-تین گھنٹے میں پہنچنا ممکن ہوگا اور اس میں صرف آدھا وقت لگے گا۔ اس سے وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے سے کمائی کے نئے ذرائع پیدا ہونے جارہے ہیں۔ اس کی وجہ سے رنتھمبور، جے پور-اجمیر وغیرہ جیسے سیاحتی مقامات کو فائدہ پہنچے گا، جس سے سیاحوں کی کشش مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے منتر پر کام کر رہے ہیں اور ایک مکمل اور خوشحال ہندوستان بنا رہے ہیں۔
یواین آئی