'شکشک پَرو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اجتماعی کوششیں ہماری روایات کا حصہ رہی ہیں اور گذشتہ چھ سات برسوں میں عوامی شراکت کے ذریعے بڑے بڑے کام ہوئے ہیں جو اب ایک قومی کردار بن رہا ہے۔
شکشک پَرو تقریبات کے دوران اساتذہ، طلباء اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ 'اجتماعی ذہن سازی نے قومی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنے میں مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہر ایک کی کوشش سے ملک کے عزم کو ایک نیا حوصلہ ملے گا۔ گذشتہ چھ سات برسوں میں عوامی شراکت کے ساتھ ایسے کام ہوئے ہیں جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ عوامی شراکت کی وجہ سے صفائی سمیت بڑے بڑے کام ہوئے ہیں اور اب یہ ایک قومی کردار بنتا جا رہا ہے۔
قومی ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 'آپ نے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے مشکل وقت میں طلبا کے مستقبل کے لیے جو کوششیں کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ کورونا وبا کے دوران ڈیڑھ سال بعد اسکول کُھلنے کے بعد آج طلبا کے چہروں پر ایک الگ مسکراہٹ اور چمک ہے۔ طویل وقت کے بعد اسکول جانا اور دوستوں سے ملنا الگ خوشی دیتا ہے لیکن کورونا پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا بھی ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پانچ اقدامات کا بھی آغاز کیا جن میں 10 ہزار لفظوں کی ہندوستانی سائن لینگویج ڈکشنری، ٹاکنگ بُکس (بصارت سے محروم افراد کے لیے آڈیو کتب)، سی بی ایس ای کا اسکول کوالیٹی اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیشن فریم ورک (ایس کیو اے اے ایف)، اساتذہ کی تربیت کا پروگرام برائے ہنر مند بھارت اور اسکولوں کی ترقی کے لیے تعلیمی رضاکاروں، ڈونرز اور سی ایس آر ڈونرز کی سہولت کے لیے ودیانجلی پورٹل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت تعلیم، اساتذہ کی بیش قیمت شراکت کو تسلیم کرنے اور نئی تعلیمی پالیسی 2020 کو آگے بڑھانے کے لیے 5 سے 17 ستمبر تک 'شکشک پَرو ' منا رہی ہے۔