وزیراعظم مودی نے گوہاٹی کے اطراف میں واٹر سپلائی سروس، دھبری پھولباڑی پل کے سنگ بنیاد اور موجولی پل کے بھومی پوجن کے بعد منعقدہ تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہم پتر ندی میں رابطہ سڑک کا جتنا کام ہونا چاہئے تھا وہ نہیں ہوا، اب اس سمت میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اس خطے میں جغرافیائی اور ثقافتی فاصلے کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب آسام کی ترقی بھی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے دن رات کوشش بھی کی جا رہی ہیں، گزشتہ پانچ برسوں میں آسام کے ملٹی ماڈل کنیکٹیوٹی کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے ایک کے بعد ایک قدم اٹھائے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غلامی کے دور میں بھی آسام ملک کی دولت مند اور زیادہ محصول ادا کرنے والی ریاستوں میں شامل رہا ہے، کنیکٹیوٹی کا نیٹ ورک آسام کی خوشحالی کی وجہ تھا۔ آزادی کے بعد اس بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا ضروری تھا لیکن انہیں اپنے ہی حال پر چھوڑ دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آسام کے لوگوں کی برسوں پرانی مانگ آج پُل کے بھومی پوجن سے ہی پوری ہونا شروع ہو گئی ہے، کالیباڑی وادی سے یہ جورھاٹ کو جوڑنے والا آٹھ کلو میٹر طویل پل موجولی کے ہزاروں کنبوں کی لائف لائن بنے گا، یہ پل لوگوں کے لیے سہولتوں اور امکانات کا پل بننے والا ہے۔
مودی نے کہا کہ برہما پترا اور براک سمیت آسام کو کئی ندیوں کا تحفہ ملا ہے اسے خوشحال بنانے کے لیے برہم پترا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام سے برہما پترا کے پانی سے پورے خطے کو واٹر کنیکٹیوٹی سے تقویت ملے گی۔
(یو این آئی)