مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے اسمبلی حلقے کھتولی میں اتحاد کے امیدوار کی جیت کے بعد 18 دسمبر کو ہونے والی اتحاد کی دھنیواد بھائی چارہ ریلی کے لیے ضلع انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ 18 دسمبر کو کھتولی کی نئی منڈی میں ہونے والے دھنیواد بھائی چارہ کے اجلاس کو انتظامیہ کی طرف سے اجازت نہ ملنے کے بعد آر ایل ڈی کا ایک وفد کل رات 8 بجے ضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ پہنچا۔ اس وفد میں پورکاجی کے رکن اسمبلی انیل کمار، بڈھانہ رکن اسمبلی راج پال بالیان، میرا پور رکن اسمبلی چندن چوہان کے ساتھ آر ایل ڈی کے سابق ضلع صدر، منڈل صدر اور کئی دیگر ذمہ دار کارکنان پہنچے تھے۔ Permission Denied for Dhanyavad Bhaichara Rally in Muzaffarnagar
اس وفد کو ضلع مجسٹریٹ نے کھتولی میں منعقد ہونے والی آر ایل ڈی پارٹی کے قومی صدر جینت چودھری کی دھنیواد بھائی چارہ اجلاس کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جس پر وفد کی جانب سے ضلعی صدر نے ڈی ایم کو بتایا کہ یہ اجلاس اب ہوکر رہے گا۔ یہ میٹنگ ہماری عزت سے وابستہ ہے اور انتظامیہ کو اس جلسے کو ہونے سے نہیں روکنا چاہیے اور ہم آئین کو ماننے والے لوگ ہیں۔ اس اجلاس کو لیکر آر ایل ڈی کے تمام اراکین اسمبلی، سابق وزراء اور کارکنان پریس کانفرنس کرتے ہوئے جانکاری دی اور کہا کہ ضلع انتظامیہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہی ہے اور کھتولی ودھان سبھا ہارنے کے بعد بی جے پی غصے میں ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کی ساز باز کی وجہ سے اس اجلاس کو روکا جا رہا ہے۔