نئی دہلی: ہوائی جہاز میں مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات مسلسل منظر عام پر آ رہے ہیں۔ تازہ معاملہ انڈیگو طیارہ سے متعلق ہے، جو دہلی سے بنگلور کے لیے پرواز کر رہا تھا۔ اس طیارے میں سوار ایک 40 سالہ مسافر نے نشے کی حالت میں طیارے کے ایمرجنسی دروازے کا فلیپ کھولنے کی کوشش کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا۔
عملے نے مسافر کو خبردار کیا تھا: انڈیگو ایئر لائنز کے مطابق، دہلی-بنگلور کی پرواز میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے نشے کی حالت میں ہنگامی دروازے کا فلیپ کھولنے کی کوشش کی۔ ایسا کرنے پر عملے نے مسافر کو خبردار کیا کہ وہ ایسا نہ کرے۔ اس کے بعد طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا گیا۔ نیز، ملزم کو بنگلور پہنچنے پر سی آئی ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا۔
کارروائی کے بعد بھی وارداتیں نہ رکیں: ہوائی سفر کے دوران مسافروں سے بدتمیزی کے کئی واقعات منظر عام پر آچکے ہیں۔ ایوی ایشن ریگولیٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بھی ان معاملات میں کارروائی کی ہے لیکن اس کے باوجود یہ واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ بڑی بات یہ ہے کہ اس میں دیگر مسافروں کی جان بھی خطرے میں پڑ رہی ہے۔
مزید پڑھیں:Gold Seized at Delhi Airport دہلی ایئرپورٹ پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سونے کے ساتھ دو گرفتار
آسام سے بنگلور آنے والی انڈیگو کی فلائٹ میں مسافر نے سگریٹ جلایا تھا: اس سے قبل دبئی سے ممبئی آنے والی فلائٹ میں دو مسافروں نے نشے کی حالت میں ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ اس کی شکایت پر ممبئی پولیس نے دونوں مسافروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ اس کے علاوہ آسام سے بنگلور آنے والی انڈیگو کی فلائٹ میں ایک مسافر نے سگریٹ جلایا تھا۔