صدر جمہوریہ نے سال 2023 کے لیے 106 پدم ایوارڈز کی فہرست کو منظوری دے دی ہے۔ اس فہرست میں 6 پدم وبھوشن، 9 پدم بھوشن اور 91 پدم شری شامل ہیں۔ اس بار 19 ایوارڈ یافتہ خواتین ہیں اور اس فہرست میں غیر ملکی کے زمرے سے 2 افراد اور 7 بعد از مرگ ایوارڈ یافتہ بھی شامل ہیں۔ 74ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پدم ایوارڈ حاصل کرنے والے مشہور شخصیات کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آنجہانی ایس پی سرپرست ملائم سنگھ یادو، موسیقار ذاکر حسین، آنجہانی دلیپ مہلانوبس ایس ایم کرشنا، سری نواس وردھن اور آنجہانی بالکرشن دوشی کو پدم وبھوشن سے نوازا جائے گا۔
پدم بھوشن کے لیے 9 لوگوں انتخاب
پدم بھوشن کے لیے 9 لوگوں کو شامل کیا گیا ان کے نام اس طرح ہیں: ایس ایل بھیرپا، کمار منگلم برلا، دیپک دھر، وانی جےرام، سوامی چنا جیار، سمن کلیان پور، کپل کپور، سودھا مورتی اور کملیش ڈی پٹیل کو پدم بھوشن سے نوازا جائے گا۔ وہیں پدم شری فہرست میں راکیش جھنجھن والا اور روینہ ٹنڈن کو شامل کیا گیا ہے۔
او آر ایس کے موجد کو پدم وبھوشن ایوارڈ
سابق ڈاکٹر دلیپ مہلانوبس، جن کا تعلق مغربی بنگال سے ہے ان کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے۔ ڈاکٹر دلیپ وہی شخص تھے جنہوں نے او آر ایس ORS کا فارمولا دریافت کیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز بعد از مرگ دیا جا رہا ہے۔ سال 2022 میں اکتوبر کے مہینے میں ہی ان کا انتقال ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ پدم ایوارڈز - پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ہیں۔ 1954 سے ان ایوارڈز کا اعلان ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ یہ اعزازات فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب اور سماجی کام کے شعبوں میں بہت سے گمنام ہیروز کو دیے جاتے ہیں۔