لوک سبھا سے راہل گاندھی کی رکنیت منسوخی پر مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈر شتروگھن سنہا نے اتوار کو پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ مسئلہ (کانگریس لیڈر کی نااہلی) اپوزیشن جماعتوں کو فائیدہ پہنچائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو انہوں نے جو کچھ کیا ہے وہ 'وناش کلا وپریت بدھی' کی مثال لگتی ہے لیکن دوسری طرف سیاسی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ایک ہتھیار ملا ہے، جو نہ صرف جمہوریت کی حفاظت کرے گا، بلکہ راہل گاندھی اور اپوزیشن کو اضافی 100 سیٹیں حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ٹی ایم سی لیڈر نے کہا کہ راہل گاندھی کی نااہلی نے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھو یہ بہت اچھا آغاز ہے۔ چینی زبان میں کہاوت ہے کہ ہزار میل کا سفر ایک قدم سے شروع ہوتا ہے۔ یہ ایک زبردست سیاسی اقدام ہے کیونکہ اس نے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کی سب سے مقبول شخصیت اور اسٹریٹ فائٹر ممتا بنرجی جمہوریت کی حمایت میں اس معاملے پر آگے آئی ہیں اور ہمارے دوست اور دہلی کے سی ایم کیجریوال بھی اتنے سنگین مسئلے پر آگے آئے ہیں۔ راہل گاندھی کو جمعہ کو لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کے ایک دن بعد سورت کی ایک عدالت نے انہیں ان کے 'مودی کنیت' کے تبصرہ پر ان کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔
یہ فیصلہ اپریل 2019 میں کیے گئے ان کے ریمارکس سے متعلق تھا، جہاں انہوں نے کرناٹک کے کولار میں لوک سبھا کے انتخابی جلسے میں کہا تھا کہ کس طرح تمام چوروں کی کنیت مودی ہے۔ عدالت نے گاندھی کو ضمانت دے دی اور انہیں اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرنے کے لیے 30 دن کے لیے سزا پر روک لگا دی ہے۔