مغربی بنگال کے مالدہ ضلع ترنمول کانگریس کی صدر موسم بے نظیر نور نے اسمبلی انتخابات میں ملی کامیابی کو عوام کی جیت قرار دیا ہے۔ ترنمول کانگریس کی رہنما کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں جس طرح سے فرقہ وارانہ ماحول بنائے گئے تھے اس کے برعکس نتائج دیکھنے کو ملے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی اور دوسری پارٹیوں نے جس طرح سے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی اس کا عوام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ مالدہ ضلع ترنمول کانگریس کی صدر موسم بے نظیر نور نے کہا کہ بنگال کے عوام نے ممتا بنرجی پر بھروسہ کیا اور اسی وجہ سے انہیں غیر معمولی کامیابی دلائی۔
موسم بے نظیر نور نے کہا کہ عوام نے ممتابنرجی کی ایسی حمایت کی کہ انہیں مسلسل تیسری مرتبہ ریکارڈ دو سو سے زائد سیٹیں ملی. یہ تاریخی جیت ہے اور اسے برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی جیت کے بعد اس بار دو سو پار کے نعرے لگانے والے بی جے پی کے رہنماؤں کے پاس اب نہ کچھ کرنے کے لئے رہ گیا ہے اور نہ ہی کچھ بولنے کے لئے ان کے منہ میں زبان ہے۔
موسم بے نظیر نور کا کہنا ہے کہ بنگال میں مودی لہر چلنے والی نہیں تھی. لوک سبھا انتخابات میں عوام سے غلطی ہوئی تھی. گزشتہ میں سی پی آئی ایم کے حامیوں نے بھی بی جے پی کی حمایت کی تھی جس کی وجہ سے اسے جیت ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مالدہ ضلع کانگریس کا مضبوط گڑھ مانا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی. اس کا مطلب ممتا میجک ہے۔