اتراکھنڈ میں ہوئے فرضی کووڈ ٹیسٹ کے معاملے میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیسٹنگ دہلی کی لیب میں ہوئی تھی۔ ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے دہلی کے بھیکا جی کاما پلیس میں دفتر کے پتے پر پہنچی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ ایسا کوئی لیب بتائے گئے پتے پر ہے ہی نہیں۔ دراصل، لیب کا ایڈریس فرضی دیا گیا تھا۔
میکس کارپوریٹ سروس کا جو پتہ دیا گیا تھا، وہاں پر اس نام سے کوئی لیب یا کمپنی نہیں ہے۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ 515 نمبر کے دو کمرے ہیں۔ 515 اے اور 515 بی۔ ان دونوں کمروں میں بات کرنے پر معلوم ہوا کہ یہاں پر کوئی لیب نہیں ہے۔ اس سے صاف ہوتا ہے کہ جس پتے پر ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی فرضی رپورٹ کو بنایا گیا تھا، وہاں پر کوئی لیب موجود نہین ہے۔
ایک بار پھر حکومت و انتظامیہ سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ بھیکاجی کاما پلیس جنوبی ضلع میں واقع ہے۔ لیکن پتے میں اسے مشرقی دہلی کا حصہ بتایا گیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کی پڑتال میں یہ صاف ہو گیا ہے کہ یہاں پر کسی قسم کی ٹیسٹنگ نہیں ہوئی ہے اور یہ پورا معاملہ فرضی واڑے کا ہے۔