نئی دہلی: وزیراعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کے سلسلے میں پولیس نے رکن پارلیمان اور بی جے پی یووا مورچہ کے صدر تیجسوی سوریا کو نوٹس بھیجا ہے۔ انہیں 28 اپریل کو سول لائنس تھانے میں تفتیشی افسر کے پاس طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے میں گرفتاری کے بعد انہیں تھانے سے ضمانت مل سکتی ہے۔ اس سے قبل سابق میئر جے پرکاش اور بی جے پی یوا مورچہ کے ریاستی صدر واسو روکھڈ سمیت 10 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔Delhi Police Sent Notice to Tejashwi Surya
معلومات کے مطابق یکم اپریل کو بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے قریب مظاہرہ کیا تھا۔ یہ مظاہرہ اسمبلی میں وزیر اعلی کے فلم 'کشمیر فائلز' کے حوالے سے دیے گئے بیان کی مخالفت میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس مظاہرے کے دوران کچھ لوگوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر جا کر توڑ پھوڑ کی۔ بوم بیریئر اور سی سی ٹی وی کو توڑنے کے علاوہ مظاہرین نے مین گیٹ پر پینٹ بھی پھینک دیا تھا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں تھانہ سول لائن نے ایف آئی آر درج کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ تقریباً دو ہفتے جیل میں گزارنے کے بعد انہیں ضمانت مل گئی۔
اس معاملے میں مزید تفتیش کے بعد پولیس نے سابق میئر جئے پرکاش اور یووا مورچہ کے ریاستی صدر واسو روکھڈا کو گرفتار کر لیا، لیکن دونوں کو تھانے سے ہی ضمانت مل گئی۔ اس معاملے میں پولیس نے اب بی جے پی یووا مورچہ کے صدر اور رکن پارلیمان تیجسوی سوریا کو نوٹس بھیجا ہے، جن کی قیادت میں یہ مظاہرہ منعقد کیا گیا تھا۔ پولیس ہیڈ کوارٹر سے موصولہ ہدایات پر تفتیشی افسر کی جانب سے یہ نوٹس بھیجنے کے بعد انہیں 28 اپریل کو سول لائنز تھانے بلایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ BJP Wing Attacks Kejriwal House: اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر حملے کے الزام میں پانچ افراد گرفتار
پولس ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک دو درجن کے قریب ملزمین سامنے آچکے ہیں۔ ان میں سے 10 افراد کو پہلے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں سات سال سے کم سزا کی دفعات ہے جس کی وجہ سے گرفتار ملزمان کو اب تھانے سے ہی ضمانت دی جارہی ہے۔ اس معاملے میں پہلے 8 ملزمان کو جیل بھیجا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں تقریباً 14 ایسے ملزم ہیں، جن کی پولیس نے شناخت کر لی ہے۔