کانگریس چھوڑ کر ایس پی میں شامل ہونے والے عمران مسعود نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ سردار پٹیل کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں، جناح کو نہیں Not Jinnah, Sardar Patel is Our Ideal۔ پاکستان ایک تباہ حال ملک ہے، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات UP Assembly Election کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی سیاسی رہنماؤں کے مابین لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ جہاں بی جے پی رہنما سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو گھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں ایس پی رہنما بی جے پی حکومت پر سنگین الزامات لگا رہے ہیں۔ ترقیاتی مسائل کو چھوڑ کر بے بنیاد ایشوز پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ کہیں بی جے پی کے ریاستی صدر سواتنتر دیو سنگھ جناح کے مجسمے کی تنصیب کو لے کر بیان بازی کر رہے ہیں اور کہیں اکھلیش یادو کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ہمارا دشمن نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران مسعود نے کہا کہ سردار پٹیل ہمارے آئیڈیل ہیں۔ جناح ہمارے رول ماڈل نہیں ہیں۔ اگر جناح ہمارے رول ماڈل ہوتے تو آج ہم پاکستان میں ہوتے۔ ہم جناح کو اپنا مجرم سمجھتے ہیں۔ جناح نے نہ صرف ہمارے ملک کو تقسیم کیا بلکہ ملک کو توڑنے کا کام بھی جناح نے کیا۔ جناح کا مجسمہ وہ لوگ لگائیں گے جنہوں نے جناح کے ساتھ حکومتیں چلائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بھی جناح کا ساتھ نہیں دیا۔
عمران مسعود نے کہا کہ حکومت آنے پر ریاست میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ کسی بھی قسم کے شرپسند عناصر سے نمٹنا نہ صرف حکومت بلکہ ہماری سماجی ذمہ داری بھی ہوگی۔ حکومت بنی تو حکومت اور پولیس سختی سے نمٹے گی۔ وہیں جب صحافیوں نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کے پاکستان سے متعلق بیان پر سوال کیا تو عمران مسعود برہم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں الیکشن ہے، یہاں کی بات کرو، بھارت پاکستان کی بات کیوں کرتے ہو۔ پاکستان ایک تباہ حال ملک ہے۔ پاکستان خود تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ہمارا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بھاڑ میں جائے پاکستان۔