بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار دیر شب پھلواری شریف میں واقع خانقاہ مجیبیہ میں عرس کے موقع پر مخدوم سید شاہ پیر محمد مجیب اللہ قادری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر چادر پوشی کے لئے پہنچے اور ریاست میں امن و امان اور ترقی کی دعا کی۔ دعا خانقاہ مجیبیہ کے ناظم حضرت مولانا منہاج الدین قادری نے کرائی۔ چادر پوشی سے قبل وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خانقاہ مجیبیہ کے سجادہ نشیں حضرت مولانا شاہ محمد آیت اللہ قادری سے ملاقات کرکے ان سے دعائیں لی۔
مزید پڑھیں:۔ نتیش کمار نے وائرل بخار اور کورونا کے لیے انتظامیہ کو سرگرم رہنے کی ہدایت دی
جموں و کشمیر کے حالات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے وہاں کے لیفٹیننٹ گورنر سے بات کی ہے. لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بہار کے لوگوں کے تحفظ کے سلسلے میں جو کچھ بھی ممکن ہوگا وہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر تعلیم وجے کمار چودھری، رکن پارلیمان رام کرپال یادو، بہار سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد اللہ، ڈی ایم چندر شیکھر سنگھ، ایس پی اوپندر شرما سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔