نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی ملک کے نوجوانوں کو نئی صدی کے لیے تیار کرتی ہے۔ آج یہاں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اتراکھنڈ روزگار میلے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ دن ان لوگوں کے لیے ایک نئی شروعات کا نشان ہے جنہوں نے اپنے تقرری لیٹر وصول کیے ہیں اور یہ نہ صرف زندگی بدلنے والا موقع ہے، بلکہ ایک مکمل تبدیلی بھی ہے۔ انہوں نے مرکز اور اتراکھنڈ حکومت کی مسلسل کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ "ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کے لیے صحیح ذریعہ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اس کی دلچسپی کی بنیاد پر نئے مواقع ملتے ہیں۔ سرکاری خدمات میں بھرتی مہم بھی اسی سمت میں ایک قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی بھرتی مہم پورے ملک میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بڑے پیمانے پر چل رہی ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے تقرری خط موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 'مجھے خوشی ہے کہ آج اتراکھنڈ اس کا حصہ بن رہا ہے۔ مرکزی حکومت کی یہ مسلسل کوشش ہے کہ یہاں کے نوجوان اپنے گاؤں واپس جائیں۔'
پہاڑی علاقوں میں روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئی سڑکیں اور ریل لائنیں بچھانے سے نہ صرف رابطے بڑھ رہے ہیں بلکہ روزگار کے بہت سے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ دور دراز کے علاقوں کو سڑک، ریل اور انٹرنیٹ کے ذریعے جوڑنے کے نتیجے میں اتراکھنڈ میں سیاحت کا شعبہ پھیل رہا ہے اور سیاحت کے نقشے پر نئے سیاحتی مقامات آرہے ہیں۔ اتراکھنڈ کے نوجوان اب بڑے سفر کرنے کے بجائے اپنے گھروں کو جانے کے قابل ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: New Education Policy ناقص تعلیمی پالیسی کو تبدیل کرنے کی ضرورت، راہل
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مدرا یوجنا سیاحت کے شعبے میں روزگار اور خود روزگار کے مواقع بڑھانے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 38 کروڑ مدرا لون دیے جا چکے ہیں اور تقریباً آٹھ کروڑ نوجوان پہلی بار کاروباری بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور نوجوانوں کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔
یواین آئی