کوہیما: ناگالینڈ بیپٹسٹ چرچ کونسل (این بی سی سی) نے ریاست میں انتخابی مہم کے دوران 'ہل لوجاہ' اور ’پریز دا لارڈ' جیسے مذہبی الفاظ کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتخابی مہم ہے نہ کہ روحانی اور مذہبی مہم۔ این بی سی سی کے جنرل سکریٹری ریورنڈ ڈاکٹر زیلہو کیہو کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی ریاست میں سیاسی جماعتوں کی مہم میں مذہبی زبان کا استعمال منظر عام پر آیا ہے۔
این بی سی سی نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ سیاسی پلیٹ فارم کو ملک کے اس حصے میں عیسائیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ووٹ حاصل کرنے کے لیے مذہبی زبان استعمال کرنے کے بجائے انہوں نے اپنا ہوم ورک کرنے اور ملک میں اقلیتوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انتخابی مہم کے پروگراموں کے دوران مذہبی محاوروں کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان اور ناگالینڈ کے انچارج نلین کوہلی نے ہفتہ کو دیما پور میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسی کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کیونکہ ناگالینڈ میں کسی بھی تقریب سے پہلے ایشور کا آشیرواد حاصل کرنا ایک عام رواج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ مانگنے کی حکمت عملی نہیں بلکہ انتخابی مہم کے دوران ایشور کو یاد کرنے کا طریقہ ہے۔
یو این آئی