ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں گرو گووند سنگھ کے یوم پیدائش Guru Gobind Singh's Birthday کے موقع پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے 355 ویں پرکاش پرو پر نگر کیرتن جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر رامپور کے مختلف مقامات پر مسلمانوں نے سکھ عقیدت مندوں کے درمیان چائے اور دیگر اشیاء تقسیم کرکے نگر کیرتن جلوس کا استقبال کیا۔
سکھ کمیونٹی کے روحانی رہنماء گرو گووند سنگھ کے 355 ویں یوم پیدائش کا اہتمام سکھ سماج نے پورے عقیدت و احترام کے ساتھ کیا۔ گرو گووند سنگھ کے یوم پیدائش کو پرکاش پرو کے طور پر مناتے ہوئے رامپور میں نگر کیرتن جلوس نکالا گیا۔ یہ نگر کیرتن جلوس رامپور کے مختلف مقامات سے ہوتا ہوا سول لائنس علاقے میں واقع گرو دوارہ پر جاکر اختتام پزیر ہوا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر مسلمانوں کی جانب سے سکھ عقیدت مندوں کو چائے اور دیگر اشیاء تقسیم کرکے جلوس کا استقبال کیا گیا۔ رامپور کے کریم فوڈ ریستوران کی جانب سے بھی چائے کے اسٹال لگائے گئے۔
کریم فوڈ ریستوران کے مالک محمد فرقان نے کہا کہ ملک میں جس تیزی کے ساتھ شر پسند عناصر کی جانب سے ایک دوسرے کے درمیان نفرتوں کا ماحول قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے، جب لوگ ایک دوسرے کے مذہبی پروگراموں میں شرکت کرنے آتے ہیں، تو اس وقت مذہبی منافرت پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سکھ سماج کا پرکاش پرو بھی ایک ایسا موقع ہے، جہاں مسلم اور سکھ آپسی بھائی چارے کی مثال قائم کرتے ہیں۔ محمد فرقان نے کہا کہ ان کے ریستوران کی جانب سے سکھ عقیدت مندوں کے لئے چائے تقسیم کرنے کا نظم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ اننت ناگ: ہندو - مسلم بھائی چارہ کی انوکھی مثال
وہیں گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان درشن سنگھ کھرانہ نے کہا کہ پرکاش پرو میں بلا تفریق مذہب و ملت تمام ہی مذاہب کے افراد شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپسی محبت اور بھائی چارہ قائم رہنا چاہئے جس سے ملک مضبوط و مستحکم ہو سکے۔
اس موقع پر معروف سماجی کارکن ہرپریت کور نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات سے لوگ ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگر کیرتن کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ لوگ سکھ مذہب سے متعلق جانیں۔