ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع اقلیتی ادارہ مرزا غالب کالج کے پروفیسر کو انکی بہترین کارکردگی کے لیے راشٹر گورو اعزاز سے نوازا گیا۔ مرزا غالب کالج کے پروفیسرز کی جانب سے تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔ ان پروفیسرز کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے مختلف تنظیموں واداروں کی طرف سے ایوارڈ سے بھی نوازا جاتاہے۔ اسی کڑی میں آج ڈاکٹر جعفری کو راشٹر گورو اعزاز سے نوازا گیا۔ شہر گیا میں واقع مرزا غالب کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین جعفری کو راشٹر گورو سمان 2023 سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ آئین ساز بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش پر دیا گیا۔ واضح ہو کہ یہ اعزاز ایسے مصنفین کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے امبیڈکر کے نظریے کو فروغ دینے کا کام کیا ہے۔ حکومت ہند کی ایک رجسٹرڈ تحقیقی تنظیم وشو گنگا واہنی اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آگرہ نے جعفری کو اس اعزاز سے نوازا ہے۔ انہیں یہ اعزاز ہندی غزل میں 'دلت دستک' کے لیے دیا گیا ہے۔ بہار کے اہم مصنف جعفری ہندی میں نو مشہور کتابوں کے ادیب ہیں۔ ملک بھر میں انہیں مسلسل اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Hafiz Mujtaba Ali Khan Honored حافظ مجتبٰی علی خان کو اعزاز سے نوازا گیا
بچوں کے ادب اور ہندی غزل کی تنقید میں ان کی ایک خاص پہچان ہے۔ کالج کے سکریٹری شبیع عارفین شمسی، پرنسپل ڈاکٹر شجاعت علی خان، ڈاکٹر ثروت شمسی، ڈاکٹر آفتاب خان، ڈاکٹر مدھوبالا، ڈاکٹر اکرم وارث اور ڈاکٹر نصرت جبین صدیقی وغیرہ نے انہیں یہ اعزاز حاصل کرنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔