اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں میگا کیمپس پلیسمنٹ ڈرائیو کا انعقاد کیا گیا۔ اِسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے ورچوئل موڈ میں تقریب کی صدارت کی جبکہ اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ڈاکٹر بشارت قیوم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے چار اضلاع کے 1500 سے زائد طلباء نے پلیسمنٹ ڈرائیو کے لیے رجسٹریشن کروایا اور 20 سے زائد کمپنیوں نے افرادی قوت کی بھرتی کے لیے مذکورہ مہم میں حصہ لیا۔ Mega Campus Placement drive held at anantnag
اس موقع پر ڈاکٹر بشارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ ایک اچھی شروعات ہے۔ جوش و جذبے سے لبریز ہونہار طلباء کو مختلف کمپنیوں میں متعلقہ شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا سنہرا موقع ملے گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نوجوانوں کو پیداواری سرگرمیوں میں شامل کرنے کی تمام کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت کے علاوہ انہیں یقین ہے کہ آئی ٹی آئی اور پالی ٹیکنیک میں طلباء کو جو ہنر سکھائے گئے ہیں اس سے وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور دوسرے لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر بشارت قیوم نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں ضلع انتظامیہ ان کے خوابوں کو پورا کرنے اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں:۔ اننت ناگ میں 'میگا جاب فیر کم پلیسمنٹ ڈرائیو' کا اہتمام
جموں و کشمیر اِسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سدرشن کمار نے کہا کہ 'اس طرح کی پلیسمنٹ مہم دیگر اضلاع میں بھی منعقد کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء کو مواقع مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایسے پروگرامز میں شامل طلباء وادی میں مقامی صنعتی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ ڈی سی اننت ناگ نے اس مہم میں حصہ لینے والی مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی، جنہوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کی خدمات حاصل کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس موقع پر طلبہ نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنے مسائل رکھے۔ ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انکو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔