شمال مشرقی دہلی کے چوہان بانگڑ وارڈ میں کانگریس کے سابق ایم ایل اے چودھری متین احمد کے بیٹے زبیر احمد نے عام آدمی پارٹی کے سابق ایم ایل اے حاجی اشراق کو ہرا کر دہلی میں ڈوبتی کانگریس کو امید کی ایک کرن دکھائی ہے۔
کانگریس نے مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کی چوہان بانگڑ سیٹ جیت لی ہے۔ کانگریس کے امیدوار زبیر احمد نے عام آدمی پارٹی کے امیدوار حاجی اشراق خان کو 10 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی اور بی جے پی یہاں تیسرے نمبر پر رہی ہے۔
اس کامیابی پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر انل چودھری نے ٹویٹ کیا کہ ''دل جیتا ہے، دہلی جیتیں گے۔ کارپوریشن کے ضمنی انتخاب میں چوہان بانگڑ میں کانگریس کی فتح سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ یہ جیت دہلی میں کانگریس کی واپسی کا پیغام ہے۔''
فاتح کونسلر زبیر احمد کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق ایم ایل اے چودھری متین احمد کے بیٹے ہیں۔ پارٹی نے اس نشست پر بہت محنت کی تھی۔ چوہان بانگڑ وارڈ دہلی اسمبلی انتخابات 2020 سے خالی تھا۔ اس نشست پر عام آدمی پارٹی نے 2017 کارپوریشن انتخابات کے دوران قبضہ کیا تھا۔ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں عآپ نے اشراق خان کا ٹکٹ کاٹ کر چوہان بانگڑ کے کونسلر عبدالرحمن کو میدان میں اتارا اور عبد الرحمٰن نے اس نشست پر چودھری متین احمد کو شکست دی اور وہ ایم ایل اے بن گئے۔
اس سیٹ پر کورونا وائرس کے دوران تبلیغی جماعت کو بدنام کرنے اور اس علاقے میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد کے دوران عام آدمی پارٹی کے کردار کو کانگریس نے اپنی تشہیری مہم کا حصہ بنایا جس کے نتیجے میں عام آدمی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی چناؤ ہار گئے اور کانگریس کے امیدوار نے 10 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کر لی۔
واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال بھی اس علاقے میں کارپوریشن کے ضمنی انتخابات کے تحت تشہیری مہم کے دوران گئے تھے لیکن انہوں نے یہاں دہلی فسادات کے متعلق کچھ بھی نہیں کہا تھا جبکہ کانگریس نے اپنی پوری تشہیری مہم میں ''دہلی فساد میں عام آدمی پارٹی کے کردار کو پیش کرنے کی کوشش کی تھی کہ کس طرح فساد کے دوران دہلی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ ساتھ ہی کورونا وائرس کے دوران کس طرح دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور پوری عام آدمی پارٹی کی حکومت نے وائرس کے نام پر مسلمانوں کی شبیہ کو بگاڑنے کا کام کیا تھا۔''