دیوالی سے قبل عام آدمی کو مہنگائی کا بڑا جھٹکا لگنے والا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ یکم نومبر سے بہت سے اصول و ضوابط تبدیل ہونے والے ہیں، جس کا اثر براہ راست آپ کی جیب پر پڑے گا۔ جہاں صارفین کو یکم نومبر سے بینکوں میں رقم جمع کرنے اور نکالنے کے لیے فیس ادا کرنی ہوگی۔ ساتھ ہی اس دن سے گیس بکنگ کا طریقہ بھی تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے نے کئی ٹرینوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کی ہے جو کہ پہلی تاریخ سے نافذ ہوں گی۔ ان قوانین میں تبدیلی کا اثر ہر کسی کے بجٹ پر پڑے گا۔
ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو کمپنیاں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہیں۔ ایل پی جی کی ترسیل کرنے والی کمپنیاں نومبر کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں، درحقیقت گزشتہ ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 8 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے، اس لیے توقع ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یکم نومبر سے گیس سلنڈر (ایل پی جی سلنڈر) کی بکنگ اور ڈیلیوری کا طریقہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ نئے اصول کے مطابق گیس بکنگ کے بعد صارفین کو ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر او ٹی پی بھیجا جائے گا۔ او ٹی پی کے بغیر بکنگ نہیں کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سلنڈر گھر پر پہنچانے والے ڈیلیوری بوائے کو یہ او ٹی پی بتانے کے بعد ہی گاہک کو سلنڈر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نئی سلنڈر ڈلیوری پالیسی کے تحت غلط ایڈریس اور موبائل نمبر دینے والے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گیس کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے تمام صارفین کو اپنا نام، پتہ اور موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یکم نومبر سے بینکوں میں رقم جمع کرانے اور نکالنے کے لیے فیس دینی ہوگی۔ بینک آف بڑودہ نے اس کی شروعات کی ہے۔ بی او بی کے مطابق یکم نومبر سے صارفین کو لون اکاؤنٹ کے لیے 150 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ نئے اصول کے مطابق سیونگ اکاونٹ میں تین بار رقم جمع کروانا مفت ہوگا تاہم اس کے بعد مہینے میں 3 بار سے زیادہ رقم جمع کرنے پر 40 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ جن دھن اکاونٹ ہولڈرس کو راحت دی جائے گی۔ ان کھاتہ داروں کو تین گنا سے زیادہ رقم جمع کرانے پر کوئی چارج نہیں دینا پڑے گا، جب کہ رقم نکالنے پر 100 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
مزید پرھیں:۔ فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام کی خدمات متاثر، مار زکربرگ کو 6.11 بلین ڈالر کا نقصان
یکم نومبر سے کچھ آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ کام کرنا بند کر دے گا۔ واٹس ایپ پر دی گئی معلومات کے مطابق یکم نومبر سے فیس بک کی ملکیت والا پلیٹ فارم اینڈرائیڈ 4.0.3 آئس کریم سینڈویچ، آئی او ایس 9 اور کائی او ایس 2.5.0 کو سپورٹ نہیں کرے گا۔
یکم نومبر سے ملک بھر کی ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل تبدیل ہو جائے گا۔ پہلے یہ تبدیلی یکم اکتوبر سے کی جانی تھی لیکن بعد میں اسے بڑھا کر یکم نومبر کر دیا گیا۔ آپ کو بتا دیں کہ پورے ملک میں 13 ہزار مسافر ٹرینوں اور 7 ہزار مال بردار ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ملک میں چلنے والی تقریباً 30 راجدھانی ٹرینوں کے اوقات بھی بدل جائیں گے۔