چھندواڑہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج مدھیہ پردیش کے سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ کے آبائی حلقہ مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ میں سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کمل ناتھ نے ریاست میں کانگریس حکومت کے دوران کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا اورملک کی سلامتی اور غریبوں کی فلاح و بہبود جیسے کام صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہی کر سکتی ہے۔ امت شاہ یہاں 'مہاوجے ادگھوش عوامی اجلاس' سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر وشنودت شرما، مرکزی وزیر فگن سنگھ کلستے، وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔
اپنے تقریباً 20 منٹ کے خطاب میں امت شاہ نے کہا کہ کمل ناتھ اپنے وزیراعلیٰ عہدے کی مدت کار کےدوران کئے کاموں کا حساب تودیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ نے بدعنوانی کرکے ریاست کی جائیداد کو لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے بے روزگاری بھتہ بڑھانے اوربڑھاپے کی پنشن میں اضافہ جیسے کانگریس کے وعدوں کا بھی حوالہ دیا اور جلسہ میں موجود لوگوں سے پوچھا کہ کیا یہ تمام وعدے پورے ہوئے ہیں؟ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے چھندواڑہ میں مسلسل ترقیاتی کام کئے۔ امت شاہ نے قبائلی اکثریتی چھندواڑہ میں اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جس کی حکومت نے قبائلی برادری کے آزادی پسندوں کی عزت کا خیال رکھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے برسا منڈا جینتی کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منانا شروع کیا۔ مدھیہ پردیش میں پی ای ایس اے ایکٹ لانے کا کام وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کیا۔
یو این آئی