ریاست بہار کے اورنگ آباد ضلع کے قاضی امام ملت سید شاہ اصغر امام قادری نے جلوس محمدی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بے گناہوں کے قتل کی بالکل اجازت نہیں ہے، جس مذہب میں ایک بوند پانی بھی فضول خرچ کرنے پر مناہی ہے، وہاں بے گناہ لوگوں کا خون بہانا کیسے جائز ہوگا۔ اسلام اور بانی اسلام سے ہی امن وشانتی، انسانیت، صلہ رحمی، حسن اخلاق اور اچھے کردار ملے ہیں۔ Julus-e-Mohammadi in Aurangabad
اورنگ آباد ضلع کے قاضی امام ملت سید شاہ اصغر امام قادری نے اس موقع پر سیرت رسول پر مختصر لیکن جامع روشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد ضلع میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی پیدائش کے دن کے موقع پر انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ جلوس محمدی کا اہتمام کیا گیا۔ یہاں مدرسہ دارالعلوم فیضان سیدنا اورنگ آباد سے ایک شاندار جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت قاضی شہر امام ملت سیدشاہ اصغر امام قادری نے کیا۔
جلوس اسلام ٹولی، پٹھان ٹولی، آزاد نگر، علی نگر، قریشی محلہ، جامع مسجد نواڈیہہ ہوتے ہوئے واپس فیضان سیدنا پہنچا۔ راستے میں جگہ جگہ لوگوں نے جلوس محمدی کا استقبال کیا۔ جامع مسجد کے پاس موجود مجمع کو مخاطب کرتے ہوئے حضور امام ملت نے کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ پوری دنیا کے لیے رحمت بن کر آئے، آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے بچوں، خواتین، بے سہارا یتیموں کو ان کا حق دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Eid Miladun Nabi 2022 ملک بھر میں جشن میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا
اس موقع پر فیضان سیدنا کے ولی عہد حضرت علامہ سید احمد قادری ازہری نے خطاب فرمایا اور کہاکہ جب عشق مصطفیٰ دلوں میں پیوست ہوتا ہے تو دنیا کی محبت کبھی دل میں جگہ نہیں پاسکتی ہے۔ عاشق رسول بن کر اپنی زندگی گزاریں۔ اس موقع پر جلوس کے کنوینر سلو خان، پرنسپل مفتی افسر قادری، مولانا سید قادری جیلانی، مفتی اسرار، مولانا عبدالقدوس، مولانا غلام رسول، مولانا عبدالرحیم، سکریٹری خان امروز، سید کلیم، ضیاء المصطفی، صدرعالم، مبین، انعام خان وغیرہ موجود تھے۔ آخر میں حضور امام ملت کی دعاؤں پر جلوس کا اختتام ہوا۔