وادیٔ کشمیر کو زمینی راستے سے ملک کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل جموں سرینگر قومی شاہراہ کو آج صبح بھاری پسیاں گرنے کی وجہ سے آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
پولیس اطلاع کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے رامبن کے قریب کیفٹریہ موڑ کے مقام پر آج صبح 4 بجے بھاری پسیاں اور چٹانیں کھسکنے سے شاہراہ کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا جب کہ ڈیگڈول اور ناروے کے مقام پر پہاڑی سے مسلسل پتھر گررہے ہی، جسے ہٹانے کے لئے مشینوں کو کام پر لگادیا گیا ہے۔
شاہراہ کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے رامبن کے مطابق موسم سازگار ہونے کے بعد آج شام تک شاہراہ کو بحال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ترال: بالائی علاقوں میں برفباری شروع
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گزشتہ روز سے ہی وادی کے موسم میں تبدیلی آگئی ہے جہاں میدانی علاقوں میں تیز بارش ہورہی ہے، وہیں بالائی علاقوں میں برفباری کی اطلاعات ہیں۔
برف باری کی وجہ سے لداخ قومی شاہراہ کو ٹریفک کی نقل وحمل کی خاطر بند کیا گیا ہے۔ موسم میں تبدیلی کے پیش نظر درجۂ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ وادیٔ کشمیر میں 25 اکتوبر تک بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جب کہ میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔