بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے متصل سبل پور میں قائم معروف دینی و تعلیمی درس گاہ جامعہ مدنیہ سبل پور کے پرنسپل مولانا محمد ناظم کو ندی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ جامعہ مدنیہ کے پرنسپل محمد ناظم پر تقریباً 24 لاکھ روپے کے غبن کا الزام ہے۔ گرفتار شدہ محمد ناظم جامعہ کے بانی مرحوم مولانا قاسم کے حقیقی بھائی ہیں، اس مدرسے کو چلانے کے لیے مدنی ایجوکیشنل ٹرسٹ تشکیل دیا گیا تھا۔
ندی تھانہ کے پولیس انچارج ساکیندر کمار نے بتایا کہ 'محمد ناظم کی گرفتاری ہو گئی ہے، اس معاملے میں تین دیگر نامزد ملزم فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری ہونی تھی، ساکیندر کے مطابق اب تک اس معاملے میں 24 لاکھ کے غبن کا انکشاف ہوا ہے۔'
ٹرسٹ کے سکریٹری و خزانچی بلال الدین نے رواں برس 22 جون کو ایم ناظم کے علاوہ ان کے ایک اور بھائی محمد سالم کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، سبھی ملزمین بھاگلپور کے گوراڈیہ تھانے کے کوروڈیہ گاؤں کے رہائشی ہیں۔ فی الحال سبل پور میں واقع مدرسہ سے وابستہ ہیں۔
محمد بلال الدین کے مطابق 'ان تمام ملزمین نے مدنی ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جگہ الگ سے جعلی جامعہ مدنی ایجوکیشنل ٹرسٹ تشکیل دیا ہے، اس ٹرسٹ کے نام پر ایک رسید بھی چھاپ دی گئی ہے۔ اس کے بعد تمام فنڈز اکٹھا کرنا شروع کر دیے گئے ہیں۔ بلال کا الزام ہے کہ 'ان افراد نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کا ارتکاب کیا ہے، مجھے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔'