اندور: ریاست مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں رام نومی کے دن بیلیشور مہادیو مندر کے احاطے میں ہونے والے حادثے میں 35 لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔ ایسے میں سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ اس پورے واقعہ کے لیے کون ذمہ دار ہے؟ اس معاملے میں اپوزیشن رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ کنویں پر غیر محفوظ چھت کیوں ڈالی گئی اور کس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سرکاری زمین پر نیا مندر بنایا گیا اور کنویں کو چھپا دیا گیا۔ اس معاملے میں اندور ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت بھی سوالات کے کٹہرے میں کھڑی ہے۔ اب اس ہولناک حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اندور میونسپل کارپوریشن کے ریکارڈ کے مطابق شہر کے وارڈ نمبر 63 میں اسنے نگر میں واقع باغ کی زمین پر شری بیلیشور مہادیو جھولی لال مندر ٹرسٹ کے ایگزیکٹو سیورام گیلانی کی جانب سے کنویں کے ساتھ ساتھ زمین پر تجاوزات کرکے ایک مذہبی مقام تیار کیا جا رہا ہے۔ اسنے نگر وکاس منڈل کے نام سے مقامی باشندوں نے گزشتہ سال اندور میونسپل کارپوریشن کے زون نمبر 18 میں اس معاملے کی شکایت کی تھی۔ شکایت میں کہا گیا کہ پٹیل نگر اور سروودیا نگر کے درمیان کے علاقے میں اسنے نگر مرکزی پارک ہے۔ جس میں بیلیشور مہادیو جھولی لال مندر ٹرسٹ کے سربراہ سیورام گیلانی اور دیگر کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مکینوں نے تعمیراتی کام کی تصویریں میونسپل کارپوریشن کو سونپیں اور کالونی میں نامزد باغ کے قیام سے متعلق تمام ثبوت اندور ضلع انتظامیہ کے ڈویژنل کمشنر پون شرما، ایم پی شنکر لالوانی، کلکٹر منیش سنگھ اور علاقائی ایم ایل اے آکاش وجے ورگیہ کو سونپے تھے۔
اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اندور میونسپل کارپوریشن نے 23 اپریل 2022 کو بیلیشور مہادیو جھولی لال مندر ٹرسٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے سیورام گیلانی کو نوٹس دیتے ہوئے کہا تھا کہ متعلقہ جگہ پر باغ میں بغیر اجازت کے تعمیراتی کام ہو رہا ہے، کیونکہ یہ زمین باغ کا حصہ ہے۔ اس کے باوجود آر سی سی کالم وغیرہ کی تعمیر کا کام کیا گیا۔ اس اراضی پر تجاوزات کی گئی ہیں جو کہ مدھیہ پردیش کے لینڈ ڈیولپمنٹ رولز 2012 کے دفعات کے خلاف ہے اور غیر قانونی اور قابل سزا ہے۔ اس لیے متعلقہ تعمیراتی کام کو فوری طور پر بند کیا جائے بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے زون نمبر 19 کے بلڈنگ آفیسر نے مندر کمیٹی کے چیئرمین کو نوٹس کے ساتھ وارنٹ بھی شامل کیا تھا۔ اس نوٹس کے جواب میں مندر کمیٹی نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحریری جواب میں وضاحت کی تھی کہ جو ٹرسٹ مندر بنا رہا ہے وہ رجسٹرڈ ہے اور 100 سال پہلے کا سویمبھو مندر تیار کیا جا رہا ہے۔ جہاں پہلے سے دیوتاؤں کی مورتیاں نصب ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Indore Temple Mishap اندور مندر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی، رسکیو آپریشن جاری
نوٹس کے جواب میں مندر انتظامیہ نے کہا کہ مندر کی خستہ حالی کی وجہ سے تزئین و آرائش کا کام کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی کام صرف مندر کی نشان زد زمین پر ہو رہا ہے نہ کہ باغ کی زمین پر۔ ٹرسٹ نے دلیل دی تھی کہ مندر ایک عوامی جگہ ہے اور ایک عبادت گاہ ہے۔ اس لیے عطیہ دہندگان کی مدد سے کنویں کی تزئین و آرائش اور مندر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ مندر کمیٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ مندر کو ڈیولپ کرنے اور کنویں کو محفوظ کرنے سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن اور مندر کو صاف اور وافر پانی میسر آئے گا، کیونکہ کنویں بند پڑا ہے، اس لیے اس کو کھولنے کے لیے بھی کارروائی کی جائے۔ اس کی تزئین و آرائش کی بھی تجویز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے دیا گیا معلوماتی خط ہندو مذہب کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ کارپوریشن کی طرف سے ہندو مذہب کے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کا کام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں بدامنی اور خوف کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔
مندر کمیٹی نے دلیل دی تھی کہ میونسپل کارپوریشن کو مندر کی تزئین و آرائش کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔ اس لیے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے جاری کردہ معلوماتی خط کو بند کرکے تزئین و آرائش میں تعاون کریں۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے بھی اس معاملے میں کوئی نوٹس نہیں لیا۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ علاقے کی مختلف کالونیوں میں مندر کمیٹی سے وابستہ افراد کی سیاسی بالادستی ہے۔ مندر کمیٹی کے چیئرمین سیورام گیلانی بی جے پی کے سابق کونسلر رہ چکے ہیں اور علاقائی ایم پی ایم ایل اے اور بی جے پی رہنماوں کے قریبی ہیں۔ جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن بھی اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کر سکا۔ اب جبکہ اس پورے واقعہ میں 35 خاندان سوگ میں ڈوبے ہوئے ہیں میونسپل کارپوریشن اس پورے واقعہ میں نئی کارروائی کرنے جا رہی ہے۔ میونسپل کمشنر پرتیبھا پال کا کہنا ہے کہ معاملے کی گہرائی سے جانچ کی جا رہی ہے۔