نئی دہلی: ہندوستان نے بھوٹان کی اعلیٰ قیادت کو چین کے ساتھ سرحدوں کے تعلق سے ہندوستان کی تشویش کی سنگینی سے آگاہ کیا اور ملک کے 13ویں پنج سالہ منصوبے اور قابل تجدید توانائی، اقتصادی اور مالیاتی تعاون کے لئے ایک نیا روڈ میپ ترتیب دینے پر زور دینے کے ساتھ ہی پیشگی قرض کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ مسائل بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ بات چیت میں سامنے آئے، جو پیر کو ہندوستان کے خصوصی دورے پر یہاں پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کل شام یہاں پہنچنے پر بھوٹان کے بادشاہ سے ملاقات کی۔ آج صبح سب سے پہلے قومی سلامتی کے مشیر نے ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر ڈووال نے بھی صبح بھوٹان کے بادشاہ سے ملاقات کی اور سرحد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد بھوٹان کے بادشاہ 7 لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم کی رہائش گاہ پہنچے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے سرحد پر سوالوں کے جواب میں کہا، "بھوٹان کے بادشاہ اور وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام مسائل پر بات چیت کی اور ہم نے سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ساتھ ہی ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ کواترا سے پوچھا گیا کہ ملاقات میں ڈوکلام اور سرحدی مسئلہ پر کیا ہوا، خاص طور پر بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے شیرنگ کے بیان پر۔ڈوکلام سہ فریقی سرحدی نقطہ اور بھوٹان-چین سرحدی مسئلہ پر سوالات کے جواب میں، خارجہ سکریٹری نے کہا کہ حکومت ان تمام امور اور سرگرمیوں پر گہری نظر رکھتی ہے جن کا ہماری قومی سلامتی پر اثر ہے اور ان کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
قبل ازیں سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بھوٹان کے بادشاہ ہندوستان کے خصوصی دورے پر آئے ہیں۔ ان کے دورے کی تیاریاں بہت پہلے سے جاری تھیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی معاملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مستقبل کے روڈ میپ کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گہری دوستی، مثبت نقطہ نظر، تعاون ، باہمی اعتماد اور احترام ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعلقات کی بنیادی ساخت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں وزیر اعظم مودی نے بھوٹان میں سماجی و اقتصادی اصلاحات کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور بھوٹان کے 13ویں پانچ سالہ منصوبے کے لیے امداد بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یہی نہیں، ہندوستان نے بھوٹان کو اضافی لائن آف کریڈٹ کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھوٹان کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے لیے طویل مدتی پائیدار تعاون کا بندوبست کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات اور کوئلے جیسی اہم اشیاء کی بلا تعطل فراہمی کے لیے طویل مدتی دوطرفہ معاہدے کے لیے بھی کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کنیکٹیویٹی کے معاملے میں آسام میں کوکراجھار سے گیلیفو تک ریل لنک کی تعمیر، جائیگاؤں میں انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ (آئی سی پی)، جامع صحت کی سہولت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ایک نئے پاسچو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر اور چوکا ہائیڈرو الیکٹرک پر بجلی کی قیمتوں میں کمی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ میں ترقی کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ ہندوستانی سیاحوں سے بھوٹان آنے کے لیے 1200 روپے وصول کیے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہا کہ بھوٹان نے کچھ عرصہ قبل غیر ملکی سیاحوں پر دو سو ڈالر فیس عائد کی ہے جو کہ ہندوستانی سیاحوں کے لیے صرف 1200 روپے ہے۔ یہ اب تجرباتی فیس ہے لیکن اس فیس کے باوجود بڑی تعداد میں سیاح جا رہے ہیں۔
یو این آئی