بحریہ کا مگ 29 کا ٹرینی طیارہ 26 نومبر کو بحیرہ عرب میں گوا کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ طیارہ میں سوار ایک پائلٹ کو بحفاظت بچا لیا گیا تھا، حالانکہ دوسرے پائلٹ کمانڈر نشانت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل پایا تھا۔ بحریہ نے اسی روز اس کا پتہ لگانے کے لیے تلاشی مہم کا آغاز کیا تھا۔
بحریہ کے مطابق 11 روز کی مستقل مہم کے بعد آخرکار آج بحیرہ عرب میں گوا سے تیس سمندری میل کے فاصلے پر بحیرہ میں تقریباً 70 میٹر نیچے طیارے کے ملبے کے پاس ایک انسانی جسم کی باقیات پائی گئی ہیں جنہیں ڈی این اے جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
پائلٹ کا پتہ لگانے کے لئے بحریہ نے وسیع مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس میں جنگی جہازوں، آبدوزوں، ہیلی کاپٹروں اور جاسوسی طیاروں کی مدد لی گئی۔ بحریہ کے غوطہ خوروں نے بھی شب وروز تلاشی مہم چلائی۔ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے تلاشی مہم کے دوران 270 گھنٹے سے بھی زیادہ وقت تک اڑان بھری۔