پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے بتایا کہ سہ رکنی اس کمیٹی میں جہاز رانی ڈائریکٹر جنرل امیتابھ کمار، ہائیڈروکاربن ڈائریکٹر جنرل ایس سی ایل داس اور وزارت دفاع کی جنرل سکریٹری نازلی جعفری شائین کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر رپورٹ دے۔
او این جی سی کے کئی جہاز طوفان کی وجہ سے سمندر میں پھنسے رہ گئے تھے جن میں چھ سو سے زائد افراد سوار تھے۔ یہ جہاز طوفان کے سبب سمندر میں ساحل سے دور چلے گئے تھے۔ شپ پر سوار کئی افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد حکومت نے تفتیشی کمیٹی بنائی ہے۔
کمیٹی اس بات کی تفتیش کرے گی کہ کیسے یہ جہاز اور ان میں سوار طوفان میں پھنس گئے اور کیا محکمہ موسمیات کی وارننگ کو نظر انداز کیا گیا تھا۔ وہ یہ بھی پتہ لگائے گی کہ جہازوں کو درست ڈھنگ سے اینکر کیا گیا تھا یا نہیں اور طوفان کے وقت برتے جانے والے احتیاط سے متعلقہ ہدایات پرعمل درآمد ہوا تھا یا نہیں۔