گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی کے غیر متوقع استعفیٰ کے بعد بی جے پی اتوار کے روز گاندھی نگر میں اپنے قانون ساز اراکین کی میٹنگ منعقد کرے گی تاکہ ممکنہ طور پر نئے رہنما کا انتخاب کیا جاسکے۔
ریاستی بی جے پی کے ترجمان یمل ویاس نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مرکزی مبصر کی حیثیت سے میٹنگ میں شرکت کر سکتے ہیں۔
روپانی نے اپنا استعفیٰ گورنر ہاؤس میں پارٹی کے سینئر رہنماوں کی موجودگی میں پیش کیا جن میں بھوپندر یادو ، منسکھ مانڈاویا اور پرشوتم روپالا شامل ہیں اورنائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:گجرات کے وزیراعلیٰ وجے روپانی نے استعفیٰ دیا
روپانی کا استعفیٰ حیران کن تھا کیونکہ انہوں نے ہفتے کی صبح ہی ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس سے وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا تھا۔
اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد 65 سالہ بی جے پی رہنما، جو راجکوٹ مغربی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ، نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے۔
یواین آئی