احمد آباد: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال جمعہ کو گجرات اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے۔ پارٹی عہدیداروں نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ 29 اکتوبر کو کیجریوال نے عوام سے ایس ایم ایس، واٹس ایپ، وائس میل اور ای میل کے ذریعے پارٹی سے رابطہ کرنے کی اپیل کی تھی اور پوچھا تھا کہ ریاست میں پارٹی کا وزیر اعلیٰ کا امیدوار کون ہونا چاہیے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ 3 نومبر تک اپنی رائے دیں جس کی بنیاد پر پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:۔ Gujarat Poll گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان آج دوپہر کیا جائے گا
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی کے عہدہ کی دوڑ میں شامل عآپ قائدین میں پارٹی کے ریاستی صدر گوپال اٹالیہ، قومی جنرل سکریٹری اسودان گدھوی اور جنرل سکریٹری منوج سوراتھیا شامل ہیں۔ کیجریوال جمعہ کو احمد آباد میں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔ 182 رکنی گجرات اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔