الیکشن کمیشن 40 رکنی گوا اسمبلی کے لیے پولنگ کے تیار ہے جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کل 14 فروری کو 40 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔
گوا میں انتخابی تشہیر کے Campaign For Goa Assembly Election دوران وزیراعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی، کانگریس رہنما راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا، سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی، مہاراشٹر کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال جیسے قد آور لیڈروں نے اپنی اپنی پارٹی کے امیدواروں کے لیے تشہیر کی اور عوام سے ووٹ مانگے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی رہنما ہدایات کے مطابق پولنگ سے 48 گھنٹے پہلے تشہیر ختم کرنی ہوتی ہے۔
گوا میں حکمراں بی جے پی نے تمام 40 اسمبلی نشستوں پر امیدوار اتارے ہیں۔ کانگریس پارٹی، گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہے۔ کانگریس نے جہاں 37 امیدوار اتارے ہیں، وہیں جی ایف پی نے تین امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
ریاست میں عام آدمی پارٹی بھی پورے جوش کے ساتھ سرگرم رہی اور عوام سے ووٹ مانگے۔ عام آدمی پارٹی نے 39 سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں جب کہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کی حمایت کی ہے۔
اس کے علاوہ شیو سینا ریاست کی گیارہ اسمبلی نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہے جب کہ اس کی معاون پارٹی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے 12 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں۔