کینیا: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج کینیائی اسٹیٹ ہاوس میں کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیئم ساموئی روٹو سے ملاقات کی برلا کی قیادت میں ایک ہندوستانی وفد کینیا اور تنزانیہ کے دورے پر ہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برلا نے ہندوستانی پارلیمانی وفد اور ہندوستانی پارلیمنٹ کی جانب سے عزت مآب ڈاکٹر ولیم ساموئی روٹو کو جمہوریہ کینیا کے صدر کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صدر روٹو کی قیادت میں ہندوستان اور کینیا کے باہمی تعلقات تعاون اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا دائرہ اختراعات، آئی سی ٹی اور صحت جیسے نئے شعبوں تک بھی وسیع ہوگا۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان کینیا کے ساتھ آئی سی ٹی، صحت، تعلیم وغیرہ جیسے شعبوں میں اپنی مہارت اور تجربہ کا اشتراک کرنے کے لیے تیار ہے۔ دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ ہندوستان اور کینیا دہشت گردی کا شکار رہے ہیں اور دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی دہشت گردی دنیا کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
ہندوستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی اور دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت کے طور پر ابھرنے کے تناظر میں برلا نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کینیا کے سب سے اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور کینیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے زراعت اور کان کنی جیسے روایتی شعبوں کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ برلا نے کہا کہ اس سمت میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا باقاعدہ تبادلہ ہونا چاہیے۔ برلا نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور کینیا دونوں ہی جمہوری طرز حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔
برلا نے اس بات پر زور دیا کہ جدید معلومات پر مبنی دور میں اختراع اور تحقیق بہت ضروری ہے اور اسی لیے ہم خیال ممالک کے درمیان ،جو یکساں چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ان کے درمیان تعاون زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان دنیا کو درپیش پیچیدہ چیلنجوں کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سمندری پڑوسیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے، برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان کینیا کے لوگوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے لیے ایک اہم مقام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑی تعداد میں ہندوستانی سیاحت کے لیے کینیا آتے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح کے طور پر ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے صدر روٹو کے عزم کی تعریف کی۔ برلا نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیشنل سولر الائنس (آئی ایس اے) ایک اہم عالمی اتحاد ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کی پہل ہے اور امید ظاہر کی کہ کینیا جلد ہی اس تنظیم کا رکن بن جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Om Birla On Democracy جمہوریت اور تنوع ملک کی طاقت ہیں، اوم برلا
یو این آئی