گیا: ریاست بہار کا محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود ان دنوں لڑکیوں کو بی پی ایس سی اور یوپی ایس سی سمیت دوسرے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریوں اوربہتر تعلیمی وسائل دستیاب کرانے میں مصروف ہے، حج ہاؤس پٹنہ بی پی ایس سی اور یوپی ایس سی سمیت دوسرے مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے کوچنگ کے دائرے کو مزید بڑھانے کی کوشش میں ہے اور اس تعلق سے محکمہ نے منصوبہ شروع کر دیا ہے۔محکمہ اقلیتی بہبود اب اقلیتی طبقے کی لڑکیوں کے لیے سرکاری ہاسٹل میں آن لائن کوچنگ کا منصوبہ بنارہا ہے، شہر گیا کے شانتی باغ محلے میں واقع 'اقلیتی گرلز ہاسٹل' کی لڑکیوں کے لیے مختلف سہولیات کی فراہمی کے ساتھ یہاں آن لائن کلاسز کا بھی نظم ہوگا۔Gaya Minority Girls Hostel Online Classes.
![Gaya Minority Girls Hostel Online Classes](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/bh-gay-minoroty-girls-hostel-online-clases-7209226_23032022165258_2303f_1648034578_573.jpg)
ضلع اقلیتی فلاح افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ ایک بڑا پروجیکٹر ہاسٹل میں لگایا جارہا ہے، اس پروجیکٹر پر یہاں رہنے والی لڑکیاں آن لائن بھی پڑھائی کریں گی اور وہ ابھی سے کسی بھی شعبے اور مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنا چاہتی ہیں تو وہ کرسکتی ہیں، خاص طور پر ویسی لڑکیاں جو کسی کالج میں زیر تعلیم ہیں اور وہ اسی کے ساتھ مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنا چاہتی ہیں تو انہیں آسانی ہوگی۔اس پروجیکٹر پر کالج کے ذریعے اگر آن لائن کلاس کا بھی نظم ہو تو ہاسٹل میں رہنے والی لڑکیوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ ہو بلکہ وہ پروجیکٹر پر بزریعہ لنک کلاس کرسکتی ہیں، حج بھون پٹنہ کو بھی کوچنگ سے جوڑا جائے گا انہوں نے کہا کہ محکمہ اور حکومت کی کوشش ہے کہ مسلم بچیاں پڑھیں اور اس کے لیے انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گیا گرلز ہاسٹل میں سوبیڈ کا انتظام ہے، یہاں بچیاں رہ کر مختلف کالجوں اور تکنیکی اداروں میں پڑھائی اور تیاری کرتی ہیں، لیکن جب کالج یا ادارے بند ہوجاتے ہیں تو وہاں آن لائن کلاسز کا بھی نظم ہوتا ہے، لیکن ہاسٹل میں پہلے پروجیکٹر و دیگر چیزوں کے نہ ہونے کی وجہ سے طالبات موبائل فون پر پڑھاکرتی تھیں لیکن ان میں زیادہ تر ایسی لڑکیاں ہوتی ہیں جن کے پاس مالی حالت بہتر نہیں ہونے کی وجہ سے وہ کلاس سے محروم ہوجاتیں تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔