ڈپٹی کمشنر چھوی رنجن اور سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سریندر جھا نے دارالحکومت رانچی کے البرٹ ایکا چوک سے ریلوے فٹ اوور بریج تک نظم و نسق کا جائزہ لیا۔ اس دوران شہر میں بلا وجہ سفر کر رہے افراد کو تنبیہہ دیتے ہوئے گھر سے باہر نہ نکلنے کی صلاح دی۔ ساتھ ہی انتظامیہ کے ذریعہ عوام الناس سے اپیل بھی کی گئی کہ ضرورت ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں ورنہ اپنے گھروں میں ہی رہیں، محتاط رہیں اور محفوظ رہیں۔ یہ نظام آپ سب کی صحت کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے نافذ کیا گیا ہے۔
پولیس انتظامیہ کے ذریعہ بغیر کام کے گھر سے باہر نکلنے والوں کو بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص بغیر کسی مناسب وجہ کے گھومتے ہوئے پایا جاتا ہے تو ایسے افراد پر آفات مینجمنٹ ایکٹ 2005 اور تعزیرا ت ہند کے ہم آہنگ دفعات کے تحت کارروائی یقینی کی جائے گی۔
شہر کے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر رانچی اور سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ رانچی نے ضروری خدمات کی کھلی دکان کے مالکان سے صحت سکیورٹی ہفتہ کے دوران حکومت کے ذریعہ جاری رہنما اصول پر عمل کرنے کی اپیل کی تاکہ کورونا انفیکشن کی چین کو توڑا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے رانچی کے باشندوں کا تعاون بیحد ضروری ہے۔