ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کے تھانہ کھجوریہ علاقے میں ریاستی وزیر سردار بلدیو سنگھ اولکھ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ Fir Against Minister And 80 Others
اترپردیش اسمبلی انتخابات 2022 کے پیش نظر ریاست میں ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ اس دوران کوئی امیدوار یا سیاسی پارٹی بغیر اجازت کوئی انتخابی جلسہ یا عوامی مقامات پر تشہیری نہیں چلا سکتی تاہم ایسا کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس معاملے میں آج ریاستی وزیر اور بلاسپور اسمبلی حلقہ کے بی جے پی امیدوار سردار بلدیو سنگھ اولکھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بغیر اجازت کے تھانہ کھجوریہ علاقے میں انتخابی جلسہ کیا۔ اس دوران کووڈ 19 کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی، ماسک نہیں لگائے گئے اور متعینہ فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سردار بلدیو سنگھ اولکھ ریاستی حکومت میں وزیر ہیں اور رامپور کی بلاسپور اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار بھی ہیں۔ اولکھ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمیت دفعہ 171 ایچ، 188، 269، 270 آئی پی سی اور دفعہ 3 وبا ایکٹ و دفعہ 51 وغیرہ کے تحت 70 سے 80 افراد کے خلاف معاملہ درج ہوا ہے۔ اس مقدمے میں ریاستی وزیر کے ساتھ ساتھ ان کے بہنوئی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رپورٹ درج کرنے کے بعد پولیس نے اپنی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔