ممبئی: بالی ووڈ میں مہندر کپور کا نام ایک ایسے گلوکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جنہوں نے تقریباً پانچ دہائیوں تک اپنے رومانوی نغموں سے ناظرین کے دلوں میں اپنی انفرادی شناخت بنائی ہے۔ مہندر کپور کی پیدائش 9 جنوری 1934 کو امرتسر میں ہوئی تھی۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان موسیقی کی جانب تھا۔ انہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم حسن لال بھگت رام، استاد نیاز احمد خان، استاد عبد الرحمان خان اور پنڈت تلسی داس شرما سے حاصل کی۔
مہندر کپور گلوکار محمد رفیع سے کافی متاثر تھے اور وہ انہی کی طرح گلوکار بننا چاہتے تھے۔ اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ ممبئی آگئے۔ سال 1958 میں انہوں نے وی شانتا رام کی فلم ’نورنگ‘ میں سی رام چندر کی موسیقی میں ’’آدھا ہے چندرما رات آدھی‘‘ سے بطور گلوکار اپنی شناخت قائم کی۔
اس کے بعد مہندر کپور نے کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ایک سے بڑھ کر ایک نغمہ گا کر ناظرین کو مسحور کر دیا۔ مہندر کپور اپنے فلمی کیرئیر میں تین مرتبہ سرفہرست گلوکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے۔ سال 1967 میں آئی فلم ’اپکار‘ کا نغمہ ’میرے دیش کی دھرتی سونا اگلے‘ کے لئے انہیں سرفہرست پلے بیک سنگر کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا اور 1972 میں وہ پدم شری اعزاز سے سرفراز کئے گئے۔
مہندر کپور کو سب سے پہلے 1963 میں فلم گمراہ میں ’چلو ایک بار پھر سے اجنبی بن جائیں‘ نغمہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔ اس کے بعد 1967 میں فلم ’ہمراز‘ کے نغمہ ’نیلے گگن کے تلے‘ اور سال 1974 میں فلم روٹی کپڑا اور مکان کا گانا ’اور نہیں بس اور نہیں‘ کے لئے سرفہرست گلوکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:
- مہندر کپور نے رومانوی نغموں سے ناظرین کو دیوانہ بنایا
- سارہ علی خان، خوشی کپور اور ریا چکرورتی نے تازہ ترین تصاویر میں دھوم مچا دی
انہوں نے ہندی فلموں کے علاوہ کئی مراٹھی فلموں کے لئے بھی پلے بیک کیا ہے۔ انہوں نے ٹیلیویژن کے مشہور سیریل ’مہابھارت‘ کا ٹائٹل سونگ بھی گایا تھا۔ اپنی شیریں آواز سے سامعین کے دلوں میں خاص شناخت بنانے والے مہندر کپور 27 ستمبر 2008 میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ یو این آئی