روڑکی: انکم ٹیکس افسران کے بھیس میں ٹھگ فلمی انداز میں ایک صنعتکار کے گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں رکھی 20 لاکھ کی نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب جب صنعتکار کو اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کا علم ہوا تو واقعے کے 2 دن بعد پولیس کو معاملے کی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
جانکاری کے مطابق گنگانہار کوتوالی علاقہ کی اندرا وہار کالونی سنہارا روڈ پر فوڈ مینوفیکچرنگ فیکٹری کے مالک سدھیر کمار جین کا گھر ہے۔ گذشتہ روز سفید رنگ کی I20 کار میں پانچ افراد ان کی رہائش گاہ پہنچے اور خود کو انکم ٹیکس کا اہلکار بتایا۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد گھر کے افراد نے پانچ افراد سے پوچھ گچھ کی اور گھر کی مکمل تلاشی لی۔ اس دوران انہوں نے گھر سے تقریباً بیس لاکھ روپے کی نقدی برآمد کی جسے انہوں نے ایک ساتھ جمع کیا اور وہاں سے چلے گئے۔ یہی نہیں گھر کے افراد بھی مہمانوں کی طرح انکم ٹیکس کے فرضی اہلکاروں کو دہلیز تک چھوڑنے گئے اور ہاتھ ہلا کر ان کو الوداع بھی کیا۔
مزید پڑھیں:۔ Fake Passport visa Racket Busted فرضی پاسپورٹ اور ویزا سازی کرنے والا گروہ بے نقاب
قابل ذکر ہے کہ انکم ٹیکس کے چھاپے سے پہلے گھر کے تمام افراد کافی دیر تک خوفزدہ رہے اور اپنے قریبی لوگوں سے رابطہ کرکے انہیں معاملے کی اطلاع دی۔ جب متاثرہ نے انکم ٹیکس آفس میں اس معاملے کے بارے میں دریافت کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ انکم ٹیکس کی طرف سے کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا جس کے بعد انہیں دھوکہ دہی کا احساس ہوا۔ واقعہ کے دو دن بعد متاثرہ کی جانب سے گنگانہار کوتوالی پولیس کو شکایت دی گئی۔ تحریر کی بنیاد پر پولیس نے نامعلوم ٹھگوں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔