احمدآباد: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی آئی) کے قومی صدر ایم کے فیضی گجرات کے دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا گجرات کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کی اور آنے والے لوک سبھا انتخابات کے تعلق سے لائحہ عمل پر بات چیت کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی مسلسل ملک کے جمہوری نظام پر حملہ کر رہی ہے اور تمام سیاسی پارٹیوں کو خاموش کرنے کی سیاست کی جا رہی ہے۔ اس لیے ہمارے ملک میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لئے ہم کچھ مہمات چلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے لیے ہم تمام ریاستوں میں لیڈر تیار کر رہے ہیں تاکہ ایس ڈی پی آئی کے کیڈر بھی لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی ہندو راشٹر بنانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ بی جے پی عوامی سیاست کے بارے میں نہیں سوچتی۔ وہ عوام کی ترقی کے بارے میں نہیں سوچتی تاہم عام آدمی کو ایک فیک ایجنڈا دینے کی کوشش کرتی ہے۔ ماب لنچنگ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ کبھی گائے تو کبھی کوئی اور نام سے مسلمانوں پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ یہ صرف مسلمانوں پر ہی نہیں بلکہ کرشچن اور دلت برادری پر بھی حملہ ہو رہا ہے جبکہ اپوزیشن پارٹی کانگریس اور دیگر پارٹیاں اس معاملے میں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس معاملے میں سوفٹ ہندوتو کا ایجنڈا نبھانے کی کوشش کر رہی ہے، وہ بھی ہندو ایجنڈے پر چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ SDPI Press Conference In Malegaon ایس ڈی پی آئی کے ریاستی عہدیداران کا مالیگاؤں دورہ
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ظالم لوگ ہمیشہ سے سب کو جیل میں ڈالنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، جب کوئی آواز اٹھاتا ہے اس پر مختلف الزام لگا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ پی ایف آئی کے نام پر ایس ڈی پی آئی کے لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا لیکن عدالت میں ظاہر ہو گیا کہ یہ لوگ بے قصور ہیں اور جیل میں ڈال کر سبھی کو دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔