ریاست گجرات کے شہر احمدآباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ نے اپنے شوہر اور سسرال کے ظلم و ستم سے پریشان ہو کر 25 فروری کو سابرمتی ندی میں کود کر خود کشی کر لی۔
عائشہ نے خود کشی کرنے سے پہلے ایک ویڈیو بنا کر اپنے شوہر کو بھیجی تھی، جو سوشل میڈیا میں خوب وائرل ہو رہا ہے، اس تعلق سے عائشہ کے والدین اور ان کے وکیل نے احمدآباد میں ایک پریس کانفرنس کر پورے معاملے کی تفصیل پیش کی۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کی نمائندہ روشن نے عائشہ کا مقدمہ لڑنے والے وکیل ظفر خان پٹھان سے خصوصی گفتگو کی، جس میں انھوں نے کہا کہ 21/8/2020 میں وٹوہ پولیس اسٹیشن میں گھریلو تشدد کا کیس درج کیا گیا تھا لیکن وہ کیس لاک ڈاؤن کے دوران چل رہا تھا، جس کی وجہ سے مکمل پیروی نہیں ہوپارہی تھی۔
گھریلوں تشدد کے متعلق عائشہ کے وکیل ظفر خان پٹھان نے کہا کہ 2018 میں عائشہ کی شادی راجستھان میں ہوئی تھی، شادی کے بعد عائشہ کو پتا چلا کہ اس کا شوہر کسی اور لڑکی سے محبت کرتا ہے، اور یہ بات اس نے سسرال والوں کو بتا دی، جس کے بعد سے عائشہ کو پریشان کیا جانے لگا، اور اسی دوران عائشہ کا حمل بھی ضائع ہوگیا، اس کے بعد عائشہ سے جہیز کا مطالبہ کرنے لگے۔
وکیل نے کہا کہ عائشہ کے والد لیاقت علی مکرانی نے دیڑھ لاکھ روپے جہیز کے طور پر دے چکے تھے، لیکن ان کی لالچ ختم نہیں ہوئی، وہ لوگ عائشہ کو مارتے تھے اور برا بھلا بھی کہتے تھے، اور کئی کئی مہینوں تک میکے میں ہی بیٹھا دے تھے، اسی وجہ سے 21/8/2020 میں وٹوہ پولیس اسٹیشن میں کیس کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس کا کوئی فیصلہ نہیں آیا، اور عائشہ ڈپریشن میں رہنے لگی، جس کی وجہ سے 25 فروری کے دن سب سے پریشان ہو کر اس نے آخری بار اپنے شوہر عارف خان سے 72 منٹ بات بھی کی جس میں عارف نے کہا کہ مرنے کے بعد مجھے ویڈیو بھیج دینا، جیسے عارف کی جانب سے عائشہ نے یہ جملہ سنا تو وہ اور بھی زیادہ تڑپنے لگی، اس کے بعد عائشہ نے اپنے والدین سے بات چیت کی اور خود کشی کرنے کو کہا والدین کی جانب سے ہر ممکن روکنے کی کوشش کے باوجود عائشہ نے سابرمتی ندی میں کود کر اپنی جان دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اب عائشہ تو نہیں آسکتی لیکن ایسی کوئی دوسری عائشہ نہ بنے، اس کے لیے سخت سے سخت قانون بننا چاہے اور عائشہ کے شوہر کو جلد از جلد سزا دی جائے یہی ہمارا مطالبہ ہے۔