راہل گاندھی نے اتوار کے روز آسام کے ضلع شیوساگر میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا 'غیرقانونی مہاجر بھی ایک مسئلہ ہے اور آسام کے عوام میں اس مسئلے کا حل خود ہی بات چیت کرکے سلجھانے کی صلاحیت ہے۔'
راہل گاندھی نے 'نو سی اے اے' لکھا ہوا آسامی گمچھا پہنے ہوئے کہا 'اگر آسام کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو یہ ملک کا نقصان ہوگا اور ہم کسی بھی قیمت پر یہاں سی اے اے کو نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو آسام کو توڑ سکے۔ ہم دو ہمارے دو ہی آسام کو چلا رہے ہیں اور جس نے بھی آسام معاہدے کو چھونے اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی تو اسے کانگریس پارٹی اور ریاست کے عوام بالکل بھی نہیں بخشیں گے'۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ سربانند سونووال کو دہلی اور ناگپور سے کنٹرول کیا جا رہا ہے اور اس کا ریموٹ کنٹرول وہاں بیٹھے لوگوں کے پاس ہے۔ انہوں نے کانگریس کو چھوٹے کاروباریوں اور کارکنان کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم جب بر سراقتدار آئیں گے تو بد نظمی کو ختم کر دیں گے اور تمام طبقات کے حقوق کی حفاظت کریں گے'۔