احمدآباد: راہل گاندھی کی رکنیت منسوخی کے بعد کانگریس ملک بھر میں اس فیصلہ کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ ایسے میں آج گجرات کانگریس کے لیڈران نے بھی گجرات اسمبلی کے رینو پر کھڑے ہو کر جم کر احتجاج کیا۔ گجرات اسمبلی میں کانگریس کے اراکین اسمبلی نے کالے کپڑے پہن کر 'اڈانی اور مودی بھائی بھائی' کے نعرے لگائے۔
گجرات اسمبلی اجلاس کی شروعات میں ہی راہل گاندھی کی منسوخی معاملے پر کانگریس اراکین احتجاج کرنے لگے، جس کے سبب گجرات اسمبلی کے چیئرمین شنکر چودھری نے کانگریس اراکین کو ایک دن کے لیے معطل کر دیا۔ اس کے بعد کانگریس اراکین اسمبلی گیٹ پر کھڑے ہو کر جم کر احتجاجی مظاہرہ کرنے لگے۔
احتجاج کے دوران کانگریس اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور گوتم اڈانی کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر کانگریس کے اپوزیشن لیڈر امت چاوڑا نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں جمہوریت تباہ ہو گئی ہے۔ حکومت مالی طور پر اپنے دوستوں کی مدد کر رہی ہے۔ ایک طرف 130 ہم وطن اور دوسری طرف دوست کو بچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ اڈانی کا سامنے آ گیا ہے، جس پر راہل گاندھی نے سوال کیا کہ 20 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کس نے کی ؟ تو راہل گاندھی پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور سورت میں کورٹ نے جو فیصلہ راہل گاندھی پر سنایا اس کی صحیح طریقے سے تفتیش تک نہیں کی گئی۔ سورت کے جج کا تبادلہ بھی کر دیا گیا، کروڑوں روپے لوٹنے والوںکے خلاف کارروائی نہیں ہوتی ہے لیکن راہل گاندھی پر مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر پرنیش مودی نے سورت کی عدالت میں راہل گاندھی کے مودی سماج کے تعلق سے دیے گئے بیان پر راہل گاندھی پر ہتک عزت کا دعوٰی دائر کیا تھا، جس میں سورت کی عدالت نے راہل گاندھی کو دو سال کی سزا سنائی اور لوک سبھا اسپیکر نے راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ کر دی، جس پر کانگریس ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے۔