نوئیڈا: ریاست اترپردیس کے نوئیڈا میں کانگریس نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کے خلاف احتجاج کیا۔ کانگریس مہا نگر صدر رام کمار تنور کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے لیڈان اور کارکنان نے سیکٹر-2 میں واقع اسٹیٹ بینک کے باہر اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کی طرف سے اڈانی انڈسٹری میں کی گئی سرمایہ کاری کو لے کر احتجاج و دھرنا دیا۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی مخالف نعرے بھی لگائے۔ اس کے بعد کارکنان نے صدر جمہوریہ کو لکھے گئے میمورنڈم کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (اے ڈی سی پی) شکتی موہن کے حوالے کیا۔
اس موقع پر کانگریس کے میٹروپولیٹن صدر رام کمار تنور نے کہا کہ ایس بی آئی اور ایل آئی سی جیسے سرکاری اداروں کا پیسہ بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم مودی کے قریبی دوست اڈانی کی کمپنیوں میں لگانے سے عام لوگوں کی کروڑوں کی محنت کی کمائی خطرے میں ہے۔ صدر کو بھیجے گئے میمورنڈم میں کانگریس نے صدر جمہوریہ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور مرکزی حکومت کو ایسا کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور یہ وارننگ دی ہے کہ اگر یہ من مانی بند نہیں ہوتی ہے تو کانگریس پارٹی پارلیمنٹ سے سڑک تک احتجاج جاری رکھے گی۔ کانگریسی لیڈر نے کہا کہ ایک تو بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر ہے، حکومت کو عوام کی پریشانی اور مشکلات کی بالکل بھی فکر نہیں ہے۔ وہ اپنے قریبی لوگوں کو خوش کرنے پر پر لگی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Protest in Noida: نوئیڈا میں سن شائن ہیلیوس سوسائٹی کے مکینوں کا احتجاج
میٹروپولیٹن صدر رام کمار تنور، کسان کانگریس کے صدر گوتم آوانہ، پی سی سی ممبر رضوان چودھری، پی سی سی ممبر سونو پردھان، میٹروپولیٹن نائب صدر ہریندر شرما، پی سی سی ممبر لیاقت چودھری، پی سی سی ممبر ستیندر شرما، پی سی سی ممبر ستیندر شرما سمیت متعدد افراد موجود تھے۔