ڈیموکریٹک امیدوار جوزف بائیڈن نے امریکی صدارتی انتخابات 2020 میں ری پبلیکن کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر ناقابل شکست برتری حاصل کر کے عملاً امریکہ کے 46 ویں صدر منتخب ہوگئے۔
بائیڈن کی جیت کے بعد نیویارک سمیت امریکہ کے بیشتر شہروں میں جشن کا ماحول ہے۔ اس پر عالمی رہنماؤں نے اپنے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
جیسنڈا آرڈن نے کہا ہے کہ 'ہمارے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مضبوط ہیں اور میں آنے والی بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مزید قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی منتظر ہوں'۔
'سابق میں بطور نائب صدر جو بائیڈن نیوزی لینڈ کے قریبی دوست تھے اور سنہ 2016 میں یہاں تشریف لائے تھے'۔
انہوں نے کہا کہ 'نیوزی لینڈ، انڈو بحر الکاہل اور بحر الکاہل جزیرے میں خوشحالی، سلامتی اور استحکام سمیت امریکہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے رہے گا'۔
'صدر منتخب ہونے والی اس مہم سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ کووڈ-19 اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں ہمارے مشترکہ مفادات ہیں'۔
'بین الاقوامی برادری کے سامنے ابھی بہت سارے چیلنجز موجود ہیں۔ جو بائیڈن کا اتحاد کا پیغام ہمیں ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اچھی پوزیشن فراہم کرتا ہے'۔
وزیراعظم نے سبکدوش ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی جو بائیڈن اور کملا ہیرس کو مبارکباد دی۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'فتح مبارک! میں نومنتخب صدرکے جمہوریت پر عالمی سمٹ کے انعقاد کے ساتھ کرپٹ رہنماؤں کی جانب سے چوری شدہ قومی دولت چھپانے اور ٹیکس چوری کے غیر قانونی ٹھکانوں کے خاتمے کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں'۔
عمران خان نے کہا ہے کہ 'افغانستان / خطے میں امن کے لئے بھی ہم امریکہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے'۔
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے مبارکبادی کے پیغام کو ٹویٹ کرتے ہوئے ہیرس کو نائب صدر کے لئے منتخب ہونے والی پہلی خاتون کو تاریخی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ 'امریکہ ہمارا سب سے اہم حلیف ہے اور میں موسمیاتی تبدیلی سے لے کر تجارت اور سلامتی تک اپنی مشترکہ ترجیحات پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں'۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے لکھا ہے کہ 'دونوں ممالک قریبی دوست شراکت دار اور اتحادی ہیں۔ ہم ایک ایسا رشتہ بانٹتے ہیں جو عالمی سطح پر منفرد ہے۔ میں واقعتا آپ دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اس پر قائم رہنے کا منتظر ہوں'۔
ایک بیان میں کینیڈا کے رہنما نے کہا کہ وہ دنیا میں امن اور شمولیت، معاشی خوشحالی اور آب و ہوا کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے'۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 'امریکیوں نے اپنے صدر کا انتخاب کیا ہے۔ آج کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے ہمارے پاس بہت کچھ کرنا ہے۔ آئیے مل کر کام کریں!'۔
یوکرین کے صدر وولڈیمیر زیلنسکی نے بھی امریکہ کی تازہ ترین انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور ٹویٹر پر لکھا 'ہماری دوستی اور مضبوط ہوگی!'
انہوں نے کہا ہے کہ 'سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، جمہوریت اور بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ تعاون کیا ہے'۔