ہریانہ میں ضلع پنچکولہ کے دو پولٹری فارمز، ریاست مدھیہ پردیش کے شیوپوری، راج گڑھ، آگر اور ودیشہ اضلاع میں مہاجر پرندوں میں راجستھان کے پرتاپ گڑھ اور دوسا ضلع میں اور اترپردیش کے کانپور نامیاتی باغ میں برڈ فلو کے معاملوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ مویشی پروری نے ریاستوں کو اس بیماری کی روک تھام کے لئے ضروری رہنما ہدایات جاری کردیئے ہیں۔
دریں اثناء چھتیس گڑھ کے ضلع بالود میں پولٹری اور پرندوں کے مرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریاست میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔
دہلی کے سنجے لیک میں بطخوں کے مرنے کی اطلاع ہے، جہاں سے نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے ہیں۔
دہلی کی حکومت نے ہفتہ کے روز مشرقی دہلی کے غازی پور میں واقع مرغ مارکیٹ کو دس دنوں کے لئے بند کردیا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کہا کہ دہلی حکومت برڈ فلو سے متعلق تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔
ابھی تک دہلی میں برڈ فلو کے کسی معاملے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس کے باوجود حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر آج سے دہلی میں زندہ پرندے لانا بند کردیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ آج سے غازی پور مرغ مارکیٹ دس دنوں تک بند ہے۔
مزید پڑھیں:
برڈ فلو کا خوف: جنگل میں 5 ہزار سے زائد چوزے چھوڑکر فرار
مہاراشٹر کے ممبئی، تھانے، ڈپولی، اور بیڑ اضلاع میں مردہ کوے ملے ہیں جن کو جانچ کے لئے لیباریٹری بھجوا دیا گیا ہے۔