بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے پنجاب کے کانگریس کے رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کی بابت کیے گئے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی اعلیٰ کمان یہ واضح کرے کہ کیا وہ ایسی بیان بازی کی حمایت کرتی ہے۔
منگل کے روز نڈا نے ٹویٹ کیا، ’پنجاب کانگریس کے رہنماؤں کے حالیہ بیانات، جنھیں ریاست کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ساتھ دہلی ہائی کمان کی شہہ حاصل ہے ،قابل مذمت ہے۔ وہ بار بار غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں جس کا قومی سلامتی پر سنگین اثر پڑ رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ میں کانگریس کی اعلیٰ قومی قیادت سے واضح طور پر یہ بتانے کی درخواست کروں گا کہ کیا وہ پنجاب میں کانگریس کے رہنماؤں کی جانب سے کشمیر اور پاکستان پر کیے گئے تبصروں کی حمایت کرتی ہے؟‘
نڈا نے کہا کہ معاملے پر خاموشی کو ایسے قابل اعتراض تبصروں میں مخفی حمایت دیکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس کے اخیر تک ڈھائی سو کروڑ کورونا ویکسین دستیاب ہوں گی: جے پی نڈا
قابل ذکر ہے کہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے صلاح کار مالوندر سنگھ مالی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ کشمیر الگ ملک ہے اور ہندوستان نے اس پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔ سنگھ نے اس کے بعد سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کا ایک متنازعہ کارٹون اپنے فیس بک پیج پر شیئر کر دیا تھا۔ دوسری جانب سدھو کے ایک دیگر صلاح کار گرگ نے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو پاکستان کے خلاف نہ بولنے کی صلاح دی تھی اور کہا تھا کہ یہ پنجاب کے حق میں نہیں ہے۔
یو این آئی